جعلی بینک اکاؤنٹس ، تل کے لڈو فروخت کرنے والا نابینا شخص کروڑ پتی نکلا

جعلی بینک اکاؤنٹس ، تل کے لڈو فروخت کرنے والا نابینا شخص کروڑ پتی نکلا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے جعلی کمپنیاں بنانے کا ایک اور کیس سامنے آ گیاہے، تِل کے لڈو فروخت کرنے والا نابینا شخص بھی کروڑ پتی نکل آیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں فالودے والے کے بعد تل کے لڈو بیچنے والے کے نام پر بھی اکاؤنٹ نکل آیا، نابینا شخص لیاقت کے اکاؤنٹ سے ڈھائی کروڑ روپے نکلے۔ایف بی آر کے چھاپے کے بعد کمپنی اور جعلی اکاؤنٹ کا علم ہوا۔ایف بی آر نے متاثرہ شہری کے گھر چھاپا مارا، شہری کو ایف بی آر کے دفتر بھی طلب کیا گیا، متاثرہ شہری نے بتایا کہ ایف بی آر کے چھاپے کے بعد کمپنی اور جعلی اکاؤنٹ کا علم ہوا۔لیاقت نے بتایا کہ دو دن قبل ایف بی آر والے میرے گھر آئے تھے، انھوں نے کہا کہ میرے اکاؤنٹ سے ڈھائی کروڑ روپے کی ٹرانزیکشن ہوئی ہے۔نابینا محنت کش نے بتایا کہ ان کا شناختی کارڈ 3 بار کھو چکا ہے، جس کے مقدمات بھی درج کرائے گئے ہیں، ایف بی آر والوں نے چند دن میں بلانے کا کہہ دیا ہے۔لیاقت نے بتایاکہ وہ کراچی کے مصروف ترین علاقے صدر میں تل کے لڈو فروخت کر کے گزر بسر کرتاہے ۔دوسری طرف ایف بی آر حکام نے بتایاکہ لڈو فروش لیاقت کے شناختی کارڈ نمبر پر باقاعدہ طور پر ایک کمپنی رجسٹرڈ ہے، یہ کمپنی بلیک لسٹ کی گئی ہے۔ ایف آئی اے حکام بھی اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔