وزیراعلیٰ کا لال سہانرا پارک کا دورہ ،بحالی منصوبے پر بریفنگ ،سرکٹ ہاؤ س میں وفود سے ملاقاتیں

وزیراعلیٰ کا لال سہانرا پارک کا دورہ ،بحالی منصوبے پر بریفنگ ،سرکٹ ہاؤ س میں ...

 بہاولپور‘نور پور نورنگا(ڈسٹرکٹ رپورٹر‘نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار بہاولپور لال سہانرانیشنل پارک گئے ۔وزیراعلیٰ نے لال سہانرا پارک میں پودا لگایا اور شجرکاری مہم کی کامیابی کے لئے دعا کی۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ لال سہانرا پارک کی بحالی کے منصوبے کو جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ماضی میں کئی اہم سیکٹر سمیت اس پارک کو بھی نظر انداز کیاگیا۔انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت نے آتے ہی بحالی کے منصوبے پر کام کا آغاز کیاہے۔درخت او رپودے قدرتی حسن میں اضافہ کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ مختصر عرصے میں لاکھوں نئے پودے لگائے ہیں۔درخت اور پودے لگانا ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کے لئے ضروری ہے۔نئی نسل کو صاف ستھرا ماحول دیں گے ۔وزیراعلی نے پارک کا دورہ کیا اور مختلف حصے دیکھے۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت لال سہانراپارک کی بحالی کے منصوبے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا ۔سیکرٹری جنگلات نے پارک کی بحالی کے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی ۔صوبائی وزراء ہاشم جواں بخت ، سمیع اللہ چودھری ، ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ادھر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے سرکٹ ہاؤس بہاولپور میں بہاولپورچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مبشر حسین کی قیادت میں صنعتکاروں کے وفدنے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ملک کی معاشی ترقی میں صنعتی شعبے کی کلیدی اہمیت ہے اورروزگار کے نئے مواقع صنعتی ترقی سے ہی پیدا ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے جامع صنعتی پالیسی کااعلان کیا ہے۔صنعت کار آگے آئیں ، سرمایہ کاری کریں اور معاشی ترقی میں حکومت کا ہاتھ بٹائیں۔پنجاب حکومت صنعتکاروں کو ہر ممکن سہولتیں دے گی اورنئی صنعتی پالیسی پر عملدرآمد سے صوبے کی انڈسٹری کو فروغ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ بہاولپور میں انڈسٹریل اسٹیٹ کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ایگرو بیسڈ انڈسٹری میں بہت پوٹینشل ہے اوربہاولپور ڈویژن میں ایگرو بیسڈ انڈسٹری کی ترقی کے لئے ہر ممکن اقدام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ معیاری بیج کی تیاری سے ہم کاٹن کی فصل کو مزید آگے لے کر جا سکتے ہیں اورپنجاب حکومت نے معیاری بیج کے حوالے سے ٹاسک فورس قائم کر دی ہے۔انہوں نے کہا کہ صنعتکاروں کے جائز مطالبات حل کریں گے ۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں بہاولپورچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد اسلم، نائب صدر محمد وقاص ملک، سیکرٹری جنرل سید امیر حیدر اور دیگر عہدیدار شامل تھے۔صوبائی وزیر سمیع اللہ چوہدری ، سیکرٹری صنعت اور کمشنر بہاولپور ڈویژن بھی اس موقع پر موجود تھے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے سرکٹ ہاؤس بہاولپور میں تحریک انصاف بہاولپورڈویژن کے عہدیداران نے ملاقات کی۔تحریک انصاف خواتین ونگ کی عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھیں۔تحریک انصاف بہاولپورڈویژن کے عہدیداران نے پنجاب کابینہ کا اجلاس بہاولپور میں منعقد کرنے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے اظہار تشکرکیا۔پارٹی عہدیداران نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پنجاب کابینہ کا اجلاس بہاولپور میں منعقد کرنے کا اعزاز تحریک انصاف کوحاصل ہواہے۔ بہاولپورڈویژن کے عوام اس اقدام پر بہت خوش ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے کہا کہ تحریک انصاف کے عہدیداران اور کارکن میرے دست وبازو ہیں۔ہم پارٹی عہدیداران اور کارکنوں کا دل وجان سے احترام کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارٹی عہدیداران اور کارکنوں کی انتھک محنت سے عام انتخابات میں کامیابی ملی اورتحریک انصاف کی حکومت پارٹی عہدیداران او رکارکنو ں کو ان کا جائز حق دے گی۔انہوں نے کہا کہ بہاولپور ڈویژن کے عہدیداران او رکارکنوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کئے جائیں گے ۔وزیراعلی سے ملاقات کرنے والوں میں ضلع بہاولپور کے صدر ملک اصغر جوئیہ،جنرل سیکرٹری میاں نبیل الرحمن ، ضلع بہاولنگر کے صدر ملک مظفر ، جنرل سیکرٹری ندیم زمان شاہ، ضلع رحیم یار خان کے صدر راجہ محمد سلیم ، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر اقبال حسن ، تحسین گردیزی اور دیگر عہدیداران شامل تھے۔صوبائی وزیر سمیع اللہ چودھری ،ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہبازگل اورکمشنر بہاولپورڈویژن بھی اس موقع پر موجود تھے۔جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے سرکٹ ہاؤس بہاولپور میں ہائی کورٹ بار بہاولپور کے صدر احمد منصورچشتی کی قیادت میں وفدنے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے ۔بہاولپور میں وکلاء کالونی کے ایشوکو بھی جلد طے کر لیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے کمشنر بہاولپور کو ہدایت کی کہ ڈسٹرکٹ بار کی لائبریری اور عمارت کی تعمیر ومرمت کے لئے تخمینہ لگایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ میں خود وکیل ہوں اور وکلاء برادری کے مسائل سے آگاہ ہوں۔وکلاء برادری نے آزاد عدلیہ کی بحالی او رملک میں آئین وقانون کی بالادستی کیلئے ہر اول دستے کا کردارادا کیا ہے۔ وکلاء برادری کی ان خدمات کو تحسین کی نظر سے دیکھتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ عام آدمی کو انصاف کی فراہمی میں وکلاء برادری کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت عام آدمی کو ا نصاف فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ ملاقات کرنے وا لوں میں ہائی کورٹ بار بہاولپور کے جنرل سیکرٹری عمر محمود، صدر ڈسٹرکٹ بار بہاولپور نعیم بھٹی،جنرل سیکرٹری اشفاق احمد شامل تھے ۔صوبائی وزیر سمیع اللہ چودھری ، ترجما ن وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل اور کمشنر بہاولپور بھی اس موقع پر موجود تھے ۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار بہاولپور کے علاقے ہیڈ راجکا ں میں رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر محمدافضل کی رہائشگاہ گئے اوران کی والدہ کے انتقال پر ان سے او رسوگوار خاندان سے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعلی نے غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی اورتعزیت کا اظہارکیااور مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی آپ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ ، طاہر بشیر چیمہ ،صوبائی وزراء ہاشم جواں بخت، سمیع اللہ چودھری اور دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارصوبائی وزیر لائیو سٹاک سردار حسنین دریشک کے ہمراہ گزشتہ رات اچانک پاکستا ن تحریک انصاف کے مقامی رہنما اور حالیہ جنرل الیکشن میں صوبائی حلقہ 252 سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر ملک احمد عثمان کی رہائش گاہ پرپہنچے ، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حکومت کرپٹ عناصر کا خاتمہ کر کے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر رہی ہے ، کرپشن کرنیوالوں کا کڑااحتساب ہوگا ، بھاولپور میں ترقیاتی کاموں کا جلد آغاز ہوگا سرائیکی خطے کی تمام محرومیوں کا خاتمہ کریں گے اس موقع پران سے مختلف سیاسی امور پر بات چیت کی گئی ذرائع کے مطابق متوقع بلدیاتی الیکشن میں تحصیل بھاولپور صدر میں ملک احمد عثمان چنڑ کو اہم ذمہ داری سونپی جائے گی اس کے علاوہ بھاولپور کے صوبائی حلقہ pp252 میں تمام تر ترقیاتی منصوبہ جات کی نگرانی بھی انہیں سونپے جانے کا امکان ہے ،وزیر اعلٰی کی آمد کے موقع پر ملک غلام مصطفی چنر، نوید خان ترین ، یوسی چئیر مین مہر امجد ،وائس چیئرمین ،ملک غلام مجتبیٰ چنڑ سمیت متعد د مقامی رہنماؤں نے ان سے ملاقات کی اور علاقے کی صورت حال سے آگاہ کیا ۔

مزید : کراچی صفحہ اول


loading...