قرآنی انسائیکلو پیڈیا علمی استعداد رکھنے والوں کیلئے مفید تحقیق ہے،فرحت شاہ

قرآنی انسائیکلو پیڈیا علمی استعداد رکھنے والوں کیلئے مفید تحقیق ہے،فرحت شاہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (نمائندہ خصوصی )منہاج القرآن علماء کونسل کے سینئر مرکزی رہنما علامہ سید فرحت حسین شاہ نے کہا ہے کہ قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی تالیف کے حوالے سے پاکستان سمیت دنیا بھر سے انتہائی شاندار رسپانس ملا ہے اور پذیرائی ہورہی ہے، تمام مکتب فکر کے علماء نے اس علمی، تحقیقی کام کی تحسین کی ہے اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قرآن فہمی کے ضمن میں اس علمی خدمت کو سراہا ہے، منہاج القرآن نے عصری علمی، فقہی تقاضوں کے ساتھ ساتھ آئندہ نسلوں کے لیے بھی بیش قدر علمی خزانہ مہیا کیا ہے، وہ گزشتہ روز منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں مختلف وفود اور علوم دینیہ کے سینئر طلباء سے گفتگو کررہے تھے، علامہ سید فرحت حسین شاہ نے کہا کہ قرآنی انسائیکلوپیڈیا ہر سطح کی علمی استعداد رکھنے والوں کے لیے ایک مفید تحقیق ہے، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمدطاہرالقادری نے قرآن مجید میں جملہ احکامات کی فہرست مرتب کر کے مطالعہ قرآن اور قرآن فہمی کو آسان بنادیا ہے، اس قرآنی انسائیکلوپیڈیا سے ملت اسلامیہ کے ساتھ ساتھ دیگر ادیان کے علماء، رہنما اور عام قاری استفادہ کر سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ قرآن فہمی کے لیے 8جلدوں اور 5ہزار سے زائد موضوعات پر مشتمل یہ انسائیکلوپیڈیا ملت اسلامیہ کو ڈاکٹر طاہرالقادری کا بہترین تحفہ ہے۔انہوں نے کہا کہ الحمداللہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اسی طرح جامع الاحکام کے عنوان سے احادیث مبارکہ کا بھی انسائیکلوپیڈیا تالیف کررہے ہیں انشاء اللہ تعالیٰ ربیع الاول کے بابرکت مہینے میں اس کی بھی شایان شان تقریب رونمائی ہو گی۔