سیکٹر آئی ایٹ میں ڈاکوﺅں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق، دوسرا شدید زخمی
اسلام آبا د(ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی دارالحکومت کے علاقے سیکٹر آئی ایٹ میں ڈاکوﺅں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار وسیم جاں بحق جبکہ ایک اہلکارشدید زخمی ہو گیا جسے پمز ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سیکٹر آئی ایٹ میں واقع ایک گھر میں 6 مسلح ڈاکوﺅں کے گھسنے کی اطلاع موصول ہوئی جبکہ اس سے کچھ دیر قبل وائرلیس کے ذریعے ایک موٹر سائیکل چھینے جانے کی اطلاع بھی ملی۔ وائرلیس پر معلومات ملنے کے بعد گشت پر موجود پولیس اہلکار وسیم اور عارف موقع پر پہنچے تو 6 ڈاکو ایک گھر سے نکل رہے تھے جن کیساتھ مڈبھیڑ ہو گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس اہلکاروں اور ڈاکوﺅں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار وسیم کے سر پر گولی لگی اور وہ موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ عارف شدید زخمی ہوا جسے پمز ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔