2018 میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 21 روپے تین پیسے فی لٹر تک اضافہ ہوا

2018 میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 21 روپے تین پیسے فی لٹر تک اضافہ ہوا
2018 میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 21 روپے تین پیسے فی لٹر تک اضافہ ہوا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) 2018 کے دوران عالمی مارکیٹ میں واضح کمی کے باوجود تیل کی قیمتوں میں کمی کے اثرات پاکستان کے عوام تک نہیں پہنچ پائے۔ رواں سال عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں 16 ڈالر کمی ہوئی لیکن پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات 21 روپے 3 پیسے فی لٹر تک مہنگی کی گئیں۔ دوسری جانب حکومت نے نئے سال کے موقع پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 4 روپے 86 پیسے تک کی کمی کردی ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق رواں سال 2018 میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 21 روپے تین پیسے تک کا اضافہ ہوا ۔ 2018 میں ہائی سپیڈ ڈیزل 21 روپے 3پیسے ،پٹرول14 روپے 30پیسے ،لائٹ ڈیزل 19روپے 7پیسے اور مٹی کا تیل19روپے 18پیسے فی لٹر مہنگا کیا گیا۔
2018 میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت69 ڈالر سے کم ہوکر53 ڈالر فی بیر ل ہوئی لیکن پاکستان کے عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف فراہم نہیں کیا جاسکا۔یکم جنوری سے 30 دسمبر کے دوران ہائی سپیڈڈیزل کی فی لٹر قیمت 79 روپے 91 پیسے سے بڑھ کر 110 روپے 94 پیسے ،پٹرول 81 روپے 53 پیسے سے بڑھ کر 95 روپے 83 پیسے ،لائٹ ڈیزل 58 روپے 37 پیسے فی لٹر سے بڑھ کر 77 روپے 44 پیسے اور مٹی کا تیل 64 روپے 32 پیسے سے بڑھ کر 83 روپے 50 پیسے فی لٹر ہوگیا۔
دوسری جانب نئے سال کے آغاز سے کچھ گھنٹے قبل حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کردی ہے۔پٹرول کی فی لٹر قیمت 4 روپے 86 پیسے کم کر دی گئی ہے جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 90 روپے 97 پیسے فی لٹر مقرر ہو گئی ہے۔ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 26 پیسے فی لٹر کمی کی گئی جبکہ لائٹ ڈیزل 2 روپے 16 پیسے فی لٹر اور مٹی کا تیل 52 پیسے سستا کیا گیا ہے۔ وزارت خزانہ کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق یکم جنوری 2019 کو رات 12 بجے سے ہو گا۔

مزید :

بزنس -