اوریا مقبول جان کے پروگرام پر پابندی لگادی گئی

اوریا مقبول جان کے پروگرام پر پابندی لگادی گئی
اوریا مقبول جان کے پروگرام پر پابندی لگادی گئی

  


اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی جانب سے سینئر تجزیہ کار اوریا مقبول جان کے پروگرام حرفِ راز پر 30 روز کی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

پیمرا کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اوریا مقبول جان کے پروگرام پر پابندی کا اطلاق یکم جنوری 2019 سے 30 جنوری 2019 تک ہوگا۔ پیمرا نے پابندی کی وجہ 4 دسمبر ، 11 اور 12 دسمبر 2018 کو نشر ہونے والے پروگرامز کو قرار دیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 4 دسمبر کے پروگرام میں تحریک طالبان افغانستان کے ترجمان کا پاکستان کی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کے حوالے سے بذریعہ ٹیلی فون کال انٹرویو لیا گیا۔ 11 اور 12 دسمبر کو اوریا مقبول جان کے پروگرام حرفِ راز میں پشتون قوم کے حوالے سے ریمارکس نشر کیے گئے۔

پیمرا کی جانب سے عائد کی جانے والی پابندی پر رد عمل دیتے ہوئے اوریا مقبول جان نے کہا کہ آئین پاکستان اور ملک کے سکیورٹی اداروں پر یقین رکھتا ہوں،آزادی اظہار رائے پر پابندی نہیں ہونی چاہیے۔

خیال رہے کہ اوریا مقبول جان ریٹائرڈ بیورو کریٹ ہیں جو ایک قومی اخبار میں حرفِ راز کے حوالے سے کالم لکھتے ہیں اور اسی نام سے نجی ٹی وی نیو نیوز پر پروگرام کرتے ہیں۔ ان کا پروگرام اور کالم پاکستان کے مذہبی حلقوں میں خاصا مقبول ہے۔

مزید : علاقائی /اسلام آباد /پنجاب /لاہور


loading...