بھارت میں مسلمانوں کیساتھ ساتھ عیسائی بھی ہندوا نتہاپسندی کا شکار ہیں

بھارت میں مسلمانوں کیساتھ ساتھ عیسائی بھی ہندوا نتہاپسندی کا شکار ہیں

  



مظفرآباد(این این آئی)وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ ہندوستان میں مسلمانوں کے ساتھ ساتھ عیسائی بھی ہندو انتہاء پسندی کا شکار ہیں۔ مسلمانوں کے ساتھ ساتھ مسیحوں پر بھی بد ترین مظالم ڈھائے جارہے ہیں اور دشمن اس وقت مسلمانوں اور عیسائیوں کو آپس میں لڑانے کی سازشیں کررہا ہے۔امن و محبت عیسائیت اور اسلام دونوں کا پیغام ہے۔بائبل اور قرآن کی بنیادی تعلیمات انسانیت کا درس دیتی ہیں۔آزادکشمیر میں اقلیتوں کو برابر حقوق حاصل ہیں۔ میرپور اور مظفرآباد میں عیسائی کمیونٹی کیلئے چرچ تعمیر کرینگے جبکہ ان کے مقانات کی تعمیر کیلئے بھی جگہ مختص کرینگے۔ عیسائی کمیونٹی کے جملہ مسائل حل کیے جائیں گے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پیرکے روز ایوان وزیر اعظم میں کرسمس کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے وزیر اطلاعات راجہ مشتاق احمد منہاس، چیئرمین وزیر اعظم معائنہ و عملدرآمد کمیشن زاہد امین کاشف، چیئرمین مسیحی کمیونٹی ایلڈر ریاست مسیح، سونیا ریاست، جمیل مسیح، پاسٹر فیضان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ اس موقع پر وزیر اوقاف راجہ عبدالقیوم خان، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال، ڈائریکٹر اطلاعات راجہ امجد حسین منہاس اور مسیحی کمیونٹی کی بڑی تعداد موجود تھی۔وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ پاکستان کے پرچم میں اقلیتوں کی نمائندگی موجود ہے،سفید رنگ پاکستان میں اقلیتوں کو ظاہر کرتا ہے۔ پاکستان کی طرح آزادکشمیر میں بھی اقلیتوں کو بھی تمام حقوق حاصل ہیں اور انہیں مکمل مذہبی آزادی ہے۔وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہاکہ آزادکشمیر ایک پرامن علاقہ ہے جہاں ہر کسی کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے جس کا احساس ہے۔ مسیحی کمیونٹی کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت ہندوستان کے اندر مسلمانوں کے ساتھ ساتھ عیسائی بھی ہندو انتہاء پسندانہ سوچ کا شکار ہیں۔ ہندوستان میں عیسائیوں کے گاؤں جلا جارہے ہیں اور ان کی مذہبی آزادیاں سلب کی جارہی ہیں۔ وزیر اطلاعات راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہاکہ آزادکشمیر غالب مسلم اکثریتی علاقہ ہے لیکن اس کے باجود میں خطے میں مذاہب کی خوبصورتی کا رنگ آپ کی وجہ سے ہے۔آپ ہمارے سماج کے اندر معتبر اور خوشگوار اضافہ ہیں۔ چیئرمین وزیر اعظم معائنہ و عملدرآمد کمیشن زاہد امین کاشف نے کہاکہ آزادکشمیر کے اندر انسانیت کا احترام ہے اور مذاہب کی کوئی تفریق نہیں۔انہوں نے کہاکہ مسیحی کمیونٹی ہمارے بازو اور سماج کا اہم حصہ ہیں اور ان کی وجہ سے آزادکشمیر کا حسن برقرار ہے۔ تقریب کے آخر میں وزیر اعظم آزادکشمیر نے مسیحی کمیونٹی کے ہمراہ کرسمس کا کیک کاٹا۔

راجہ فاروق حیدر

مزید : پشاورصفحہ آخر