ممتاز محقق، دانشور اور مصنف ڈاکٹر اے آ ر خالد کی نئی کتاب ”فتنہ ابلاغ“ شائع

ممتاز محقق، دانشور اور مصنف ڈاکٹر اے آ ر خالد کی نئی کتاب ”فتنہ ابلاغ“ شائع

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ادبی رپورٹر) ممتاز محقق، دانشور، ماہر ابلاغ عامہ پروفیسر ڈاکٹر اے آر خالد نے کہا ہے کہ پاکستان میں ابلاغ کو فتنہ بنانے میں الیکٹرانک میڈیا پر کام کرنے والے بے شعور اینکروں اور متعصب اور نیم خواجہ تجزیہ کاروں کا بہت بڑا کردار ہے۔ پرنٹ میڈیا نے بھی اس بے ہودگی، غیر ذمہ داری اور غیر سنجیدگی کے آگے بند باندھنے کی کوشش نہیں کی۔ اپنی نئی کتاب فتنہ ابلاغ میں ڈاکٹر اے آر خالد نے قیام پاکستان کے ساتھ صحافت کے مقدس پیشہ اور اس سے وابستہ قدآور اخبار نویسوں کے علم و ہنر کو بہت زیادہ سراہا ہے کہ جن کے قلم سے بلا کم و کاست سچائی عوام تک پہنچتی رہی اور اس مقدس پیشہ، جس کی تکون میں اطلاع، رہنمائی اور تفریح کو اپنی اپنی جگہ اہمیت حاصل رہی، مگر رہنمائی کرنے کے علم و عمل نے قدآور صحافیوں کو اقتدار نشینوں سے زیادہ احترام اور توقیر کے مقام پر جگہ دی۔ الفاظ کی حرمت احترام اور مقام کے مطابق ان کے استعمال نے ابلاغ عامہ کو جہاں بہت موثر اور محترم بنایا وہاں اس پیشہ کے مجموعی تقدس میں بھی اضافہ کیا۔ قیام پاکستان کے تقریباً بارہ سال بعد تک صحافت کی شاہراہ صداقت پر یہ سفر جاری رہا اور صحافیوں کے پائے استقلال میں کبھی لغزش نہ آئی۔ ایوب خان کے مارشل لاء نے نیشنل پریس ٹرسٹ قائم کرکے کچھ اخبارات کو حکومت وقت کا ترجمان بنا لیا مگر آزاد صحافت بطور مشن کے جاری رہی۔ ذالفقار علی بھٹو کی جمہوریت نے سول آمریت کے طور پر اخبارات پر اپنی گرفت مضبوط کرنے کے لئے صحافت کے مشن کو بہت نقصان پہنچایا اور صحافت کو مشن کے کاروبار کی طرف لے جانے میں لالچ، دھونس، دھمکی کی جو زبان استعمال کی اس میں کئی صحافی سرکاری نوازشات کی وجہ سے اپنے پیشے کو نقصان پہنچا گئے لیکن کچھ سرپھرے قربانیاں دے کر اس آبرو کو بچاتے رہے۔ مشن اور کاروبار کی تفریق نمایاں ہونے کے بعد کاروبار کی کشش نے اس پیشے کو بہت نقصان پہنچایا۔ ڈاکٹر اے آر خالد نے ثابت کیا ہے کہ یہ دور ابلاغ کا نہیں۔ باپ بیٹے میں، ہمسایوں میں، استاد شاگرد میں، رشتہ داروں میں، خاندان میں ابلاغ کمزور ہو چکا ہے۔ انشاء اللہ العزیز ڈاکٹر صاحب کی ہی نئی کتاب ”اعدلو“ 2020ء کی پہلی کتاب ہے جو جنوری کے پہلے ہفتے میں مارکیٹ میں آجائے گی، یہ اہم کتابیں حاصل کرنے کے لئے قلم فاؤنڈیشن انٹرنیشنل یثرب کالونی بینک سٹاپ والٹن روڈ لاہور کینٹ سے رابطہ کریں۔ 0300-0515101,0321-4788517 Email:qalqmfoundation3@gmail.com