واہگہ زون میں غیر قانونی عمارتوں کی بھرمار، قومی خزانے کو کروڑوں کا نقصان

واہگہ زون میں غیر قانونی عمارتوں کی بھرمار، قومی خزانے کو کروڑوں کا نقصان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (جاوید اقبال) صوبائی دارالحکومت کا سرحدی واہگہ زون ناجائز تعمیرات میں شہر کے پہلے زون کے طور پر سامنے آگیا، گلی،محلوں اور شاہراؤں پرغیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ زور و شور سے جاری و ساری ہے، شادی ہال،پلازے، مارکیٹیں اور کمرشل دکانیں تعمیر کروا دی گئیں بعض علاقوں میں کمرشل تعمیرات کے رہائشی نقشے پاس کرائے گئے ہیں جس سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا ماہانہ نقصان ہورہا ہے۔ روزنامہ پاکستان کے سروے میں انکشاف ہوا کہا کہ واہگہ زون ناجائز تعمیرات کی منڈی میں تبدیل ہوگیا ہے۔ جلو،باٹاپور سلامت پورہ،قائداعظم انٹرچینج، اڈہ چھبیل کے قرب و جوار میں غیر قانونی تعمیرات کی جارہی ہیں چھوٹے چھوٹے زرعی رقبہ پر ٹاؤن بنالئے گئے ہیں جن کی زون میٹروپولیٹن کارپوریشن یا ایل ڈی اے سے منظوری حاصل نہیں کی گئی۔اس حوالے سے مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس غیر قانونی دھندے میں زون کی آفیسر فرح اور دیگر بلڈنگ اینڈ انفورسمنٹ انسپکٹر غریب عالم اور ان کے ساتھی شامل ہیں۔ اس حوالے سے زونل آفیسر سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ میں ابھی نئی آئی ہوں پھر بھی مکمل ایکشن لیا جارہا ہے جو افراد غیر قانونی تعمیرات کر رہے ہیں یا جو کی سرپرستی کرتے ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے اس حوالے سے انفورسمنٹ انسپکٹر غریب عالم سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہے ہم روزانہ کی بنیاد پر قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف کاروائی کرتے ہیں جبکہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور کے چیف آفیسر علی بخاری نے کہا کہ ہم اس کی تحقیقات کرائیں گے اور ایسا کرنے والوں کے خلاف بھرپور ایکشن لیا جائے گا