بھارت میں تمام اقلیتیں غیر محفوظ ہیں،اعجاز چوہدری

بھارت میں تمام اقلیتیں غیر محفوظ ہیں،اعجاز چوہدری

  



لاہور(پ ر)پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب کے صدر اعجازاحمدچوہدری نے کہاکہ بھارت میں آج مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتیں غیر محفوظ ہیں، مودی فاشسٹ نے ان کا جینا دوبھر کررکھا ہے،عالمی برادری مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کا فوری نوٹس لیں، بھارتی حکومت نے ریاستی دہشتگردی کی انتہاء کردی ہے، مودی اور بھارت کا نام نہاد چہرہ پوری دنیا کے سامنے عیاں ہو چکا ہے،پاکستان میں بسنے والی اقلیتیں آزادی سے رہنے اور اپنی مذہبی رسومات ادا کرنے میں کھلی آزادی ہے، پارٹی سیکرٹریٹ میں کرسچن بہن بھائیوں کی خوشیوں میں شریک ہونے کے لئے آج خصوصی تقریب کا اہتمام کیا ہے، کرسچن بہن بھائیوں کی خوشیوں میں ہم سب برابر کے شریک ہیں، پاکستان بنانے میں اقلیتوں کا کلیدی کردار ہے۔

، اقلیتیں پاکستان کا خوبصورت گلدستہ ہیں اورملک کے برابر کے شہری ہیں، اقلیتوں کی عبادت گاہوں، جان مال، عزت اور آبرو کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے، تحریک انصاف کی حکومت اقلیتوں کی فلاح وبہبود کے لئے دن رات کوشاں ہے،وہ گذشتہ روز پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب کے آفس میں کرسچن بہن بھائیوں کے اعزاز میں کرسمس کے حوالے سے منعقد ہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔رکن قومی اسمبلی شنیلاروتھ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اپنے کرسچن بہن بھائیوں کو کرسمس اور نئے سال کی مبارکباد پیش کرتی ہوں، تقریب میں سینئرنائب صدر عامر گجر، صوبائی وزیر اعجاز آگسٹین، ایم پی ایز نذیر چوہان، ہارون گل، نیلم حیات، پیٹرگل، صدر لاہور جنوبی ملک ظہیر عباس کھوکھر، روبنسن عزیز فرانسس، ندیم شاکر، آصف بھٹی،سائرہ نوخیز کھوکھر، عادل، طارق سعات سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع سے کرسچن کمیونٹی کی کثیرتعداد نے شرکت کی اور اپنی مذہبی گیت گائے،کرسچن برادری نے ملکی ترقی اور خوشحالی کے لئے دعاء کی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1