سینئرز کی زندگی نئے ڈاکٹرزکیلئے مشعل راہ ہوتی ہے،پروفیسر فاروق افضل

سینئرز کی زندگی نئے ڈاکٹرزکیلئے مشعل راہ ہوتی ہے،پروفیسر فاروق افضل

  



لاہور(جنرل رپورٹر)سوسائٹی آف سرجنز لاہور چیپٹر کے زیر اہتمام سابق ڈین پی جی ایم آئی پروفیسر ایم اقبال خان اور سرجن شبیر احمد نورو(مرحوم)کے لئے تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز لاہور کے آڈیٹوریم میں ہونے والے اس ریفرنس میں دونوں پروفیسرز کی میڈیکل کے شعبے میں یادگار کام کو سراہا گیا اور اُن کی طویل طبی خدمات پر روشنی ڈالی گئی۔صدر سوسائٹی آف سرجنز و جنرل ہسپتال شعبہ سرجری کے سربراہ پروفیسرفاروق افضل سمیت ڈاکٹر آمنہ اقبال، ڈاکٹر بلقیس شبیر، پروفیسر مجید چوہدری، پروفیسر محمود ایاز، پروفیسر خالد مسعود گوندل، پروفیسر عامر زمان، پروفیسر جاوید اطہر اور پروفیسر ہارون جاوید نے بھی اظہار خیال کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹرز اور وفات پانے والے پروفیسرز کے اہل خانہ بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ سینئرز کی زندگی نئے ڈاکٹرز کیلئے مشعل راہ ہوتی ہے۔

پروفیسر فاروق افضل نے اپنے خطاب میں کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کا مشن ہمیشہ جار ی رہتا ہے اور سینئرز کی زندگی آنے والے ڈاکٹرز کے لئے مشعل راہ ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پروفیسر محمد اقبال خان اور پروفیسر شبیر احمد نورو نے میڈیکل اور سرجری کے شعبے میں گراں قدر خدمات سر انجام دیں جنہیں تا دیر یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے سوسائٹی آف سرجنز کی طرف سے مرحومین کے لئے تعزیتی ریفرنس کے انعقاد کو بر وقت اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایسی محافل کے انعقاد سے جانے والوں کو اچھے الفاظ میں یاد کرنے کا موقع ملتا ہے،یہ دنیا عارضی قیام گاہ ہے جہاں کیا جانے والا کام اور لوگوں کی خدمت ہمیشہ یادگار رہتی ہے۔دیگر مقررین نے سوسائٹی آف سرجنز کے پلیٹ فارم سے مرحوم پروفیسرصاحبان کے لئے منعقدہ تعزیتی ریفرنس میں اُن کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور اُن کی طویل طبی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ محنت، لگن اور دلجمعی کے ساتھ کیا جانے والا کام ہمیشہ یاد رہتا ہے۔ینگ ڈاکٹرز اور سرجنز کو اُن کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سخت محنت کو اپنا شعار بنانا چاہیے۔اس موقع پر مرحوم پروفیسر صاحبان ایم اقبال خان اور شبیر احمد نورو کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی اور دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندانوں کو ہمت اور حوصلے سے یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...