ایل ڈی اے نے 2019میں اہم ترقیاتی منصوبے مکمل کئے

ایل ڈی اے نے 2019میں اہم ترقیاتی منصوبے مکمل کئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ اورایل ڈی اے کے چیئرمین سردارعثمان بزدارکی ہدایت پر سال2019ء کے دوران ایل ڈی اے نے کئی دیرینہ مسائل حل اور ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ‘ ادارہ جاتی اصلاحات او ر تعمیراتی قوانین کوجدید ضروریات کے مطابق بنانے کے لئے اہم اقدامات کئے۔ سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر ایل ڈی اے سٹی کے بارے میں غیر یقینی صورتحال ختم کرنے اور اس کے9 ہزار سے زیادہ فائل ہولڈرز کو پلاٹ دینے کا دیرینہ مسئلہ حل کرنے کے لئے درکار اراضی محض 9 ماہ کی قلیل مدت میں حاصل کی گئی۔ 13ہزار کنال پر مشتمل فیزون جناح سیکٹر میں تین ارب روپے کی لاگت سے ترقیاتی کام شروع کروائے گئے اور 30نومبرکوپنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے شفاف قرعہ اندازی کر کے تمام 9712فائل مالکان کو پلاٹ الاٹ کرد ئیے گئے۔ ایل ڈی اے ایونیو ون کی اراضی پر واقع مختلف رہائشی سکیموں کے ساتھ تنازعے اور عدالتی چارہ جوئی کے باعث دوہزار متاثرہ الاٹیوں کو ان کے پلاٹوں کا قبضہ دینے کامعاملہ 16سال سے زیر التواء تھا جسے حل کرنے کیلئے پیشرفت کی گئی۔

معاملہ حل کرنے کے لئے خاطرخواہ پیش رفت کی گئی اور ان چھ سکیموں کو30 فیصد اراضی کی ایگزیمپشن دینے کی پیشکش کی گئی۔تین سکیموں کے ساتھ کامیاب بات چیت کے نتیجے میں 623متاثرہ الاٹیوں کو ان کے پلاٹوں کے قبضے دینے کا انتظام کیا گیا اکتوبر2015ء میں شروع کئے جانے والے لاہور اورنج لائن میٹروٹرین منصوبے کے تحت ٹرین چلانے کے لئے ٹریک کا تعمیراتی کام مکمل کیا گیا اور ٹرین کی آزمائشی سروس کے لئے دیگر ضروری انتظامات کئے گئے۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر لاہور کے مختلف علاقوں میں 60کروڑ روپے کی لاگت سے46سڑکوں کی مرمت اور بہتری و بحالی کا کام مکمل کیا گیا۔لاہور کے اہم داخلی وخارجی راستے ٹھوکر نیاز بیگ انٹر سیکشن میں ٹریفک مینجمنٹ،لینڈ سکیپکنگ اورسبزہ کاری کے منصوبہ پر کام کیا گیا اور ٹھوکر نیازبیگ کے قریب باب ِ لاہور کے نام سے60فٹ بلند اور130فٹ چوڑے خیر مقدمی دروازے کی تعمیر شروع کی گئی جس پر اڑھائی کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ وزیر اعظم پاکستان کے وژن کے تحت قیمتی زرعی اراضی کے تحفظ کے لئے شہر میں کثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیر کو فروغ دینے کی خاطر نجی شعبے کے ماہرین اور دیگر سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے بلڈنگ اینڈ زوننگ ریگولیشنز2019ء کے نام سے نئے قوا نین تیار کئے گئے۔ اب10 مرلے پرچار منزلہ،ایک کنال پر سات منزلہ اوردو کنال زمین پر 10 منزلہ عمارتیں تعمیر کی جا سکیں گی۔ اسی طرح 12کنال اور اس سے زائد رقبے پر عمارتوں کی حد اونچائی کی شرط ختم کر دی گئی۔ان عمارتوں کی تعمیر سے تعمیراتی صنعت کو بھی فروغ حاصل ہوگا،روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور شہریوں کو کم قیمت پر معیاری رہائشی سہولتیں میسر آسکیں گی۔ سپریم کورٹ کے حکم کے تحت لاہور کے لئے نئی کمرشلائزیشن پالیسی تیار کرنے کی خاطر لینڈ یوز رولز2019ء کی توثیق کر دی گئی اور انہیں حتمی منظوری کے لئے پنجاب کابینہ کو ارسال کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔لاہور کے نئے ماسٹر پلان کی تیاری کے لئے کنسلٹنٹ کے تقرر کی خاطر ٹی اوآرز کی منظوری دی گئی جس کے تحت نیا ماسٹر پلان لاہور ڈویژن میں شامل تمام دیہی و شہری علاقوں کے لئے تیار کیاجائے گا۔ایل ڈی اے میں پہلی مرتبہ لیگل ایڈوائزرز کی میرٹ پر تقرری کے لئے اخبارات میں اشتہارات دے کر وکلاء کی سلیکشن کا عمل مکمل کیا گیا اور کھلے مقابلے کے ذریعے سلیکٹ ہونے والے قانونی مشیروں کا تقرر کیا گیا۔ اس کے علاوہ عدالتوں میں زیر سماعت ایل ڈی اے سے متعلقہ مقدمات کی موثر پیروی کے لئے ادارے میں لیگل مینجمنٹ سسٹم متعارف کروایا گیا۔اس مقصد کے لیے لا ڈائریکٹوریٹ ایل ڈی اے کا تفصیلی ایس او پی جاری کیا گیا۔ جس کے تحت لیگل ایڈوائزر اور ایڈیشنل لیگل ایڈوائزر سمیت مختلف عہدوں پر فائز افسروں اسسٹنٹ ڈائریکٹر، ڈپٹی ڈائریکٹر اور ڈائریکٹر ز کے فرائض اور ذمہ داریوں کا تعین کیاگیا۔عدالتی کیسوں کے پیراوائز کمنٹس اورجوابات تیار کرنے کے لئے مدت مقرر کی گئی لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور نادرا کے مابین معاہدے کے تحت ایل ڈی اے کو نادرا کے ڈیٹا بیس تک رسائی حاصل ہو گئی جس کے نتیجے میں پلاٹوں کی خریدو فروخت کے لئے آنے والی تمام درخواستوں پر عمل درآمد کے لئے فروخت کنندہ اور خریدار کے بائیو میٹرک (نشان انگوٹھا) کی تصدیق کر کے کسی فریق کے حقیقی اور اصلی ہونے کا تعین کیا جا سکتاہے۔اس اقدام کے نتیجے میں فراڈ اور جعل سازی کی روک تھام اور شہریوں کی جائیدادوں کا بہتر تحفظ ممکن ہو گا۔ایل ڈی اے میں درخواست دہندگا ن کے نشان انگوٹھا کی فوری طور پر تصدیق ہو سکے گی اورکسی کی ازدواجی حیثیت کے بارے میں معلوم کیاجا سکے گا۔شیخورپورہ،ننکانہ صاحب اورقصور میں ایل ڈی اے سہولت مراکز قائم کئے گئے اور شہریوں کی شکایات وصول کرنے کے لئے وٹس ایپ نمبر جاری کیا گیا۔ ”آئیں لاہور سرسبز بنائیں“کے نام سے خصوصی شجرکاری مہم چلائی گئی جس کے تحت ایل ڈی اے کی رہائشی سکیموں میں مختلف مقامات پر ہزاروں پودے لگا ئے گئے۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام کے تحت پرائیویٹ رہائشی سکیموں میں بھی شجرکاری کی خصوصی مہم چلائی گئی۔ نیپون پینٹس پاکستان نے ایل ڈی اے ایونیو ون کے سوک سنٹر میں واقع 100کنال رقبے کا سنٹر ل پارک اڈاپٹ کر لیا۔ اس کے علاوہ کوکا کولاپاکستان نے فنانس اینڈ ٹریڈ سنٹر جوہرٹاؤن میں ہزاروں پودے لگانے کا ذمہ لیا۔نجی شعبے کے تعاون سے لبرٹی مارکیٹ گلبرگ یو شیپ گراؤنڈ میں 21ہزار مربع فٹ پر ”میاواکی جنگل“لگانے کاکام شروع کیاگیا۔جشن آزادی کے موقع پر نیپون پینٹس پاکستان نے ایل ڈی اے کی درخواست پر کینا ل روڈ پر واقع چاکر اعظم رند اور رحمت علی انڈرپاسز کی تزئین وآرائش کا کام مکمل کیا اور آئندہ پانچ سال تک ان دونوں انڈر پاسز کی دیکھ بھال،مرمت اور خوبصورتی کا کام بلامعاوضہ انجام دینے کے لئے ایم او یو پر دستخط کیے۔ ایل ڈی اے کی درخواست پر پی ٹی سی ایل نے بھی کینال روڈ پر واقع 19انڈر پاسز کی خوبصورتی کا کام کرنے کے لئے ایل ڈی اے کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کئے۔ جوہر ٹاؤن، سبزہ زار اور تاج پورہ وغیرہ میں قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کر کے کروڑوں روپے مالیت کی قیمتی سرکاری اراضی واگزار کراوئی گئی۔ اس کے علاوہ شہریوں کی جمع پونجی کے تحفظ کے لئے تقریباًپونے دوسو غیر قانونی رہائشی سکیموں کے خلاف کارروائی کرکے زیر تعمیرسڑکیں‘سیوریج سسٹم‘ چار د یواریاں‘ گرین بیلٹس‘ دفاتر اور دیگرانفراسٹرکچر مسمار کیا گیا۔