مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر زندہ رکھنے میں اوورسیز پاکستانیوں، کشمیریوں کا کردار ناقابل فراموش: سردار مسعود

    مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر زندہ رکھنے میں اوورسیز پاکستانیوں، کشمیریوں ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (این این آئی) آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر زندہ رکھنے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی پامالیوں کو اجاگر کرنے میں بیرون ملک آباد کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کے بے مثال کردار کو کبھی فراموش نہیں کیاجائے گا۔ چیئرمین ایمپائر ٹریڈنگ کارپوریشن اینڈ گروپ آف کمپنیز نعیم ملک پرنس کی قیادت میں سمندر پار پاکستانیوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے صدر آزادکشمیر نے کہا کہ بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر سے متعلق پانچ اگست کے اقدامات کے بعد پوری دنیا میں مقیم کشمیریوں اور پاکستانیوں نے بالعموم اور امریکہ اور یورپ میں آباد کشمیریوں نے بالخصوص جو کردار ادا کیا ہے وہ نہایت قابل تحسین ہے۔ستائیس ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر نیو یارک میں بھارت کے خلاف جو عظیم الشان احتجاجی مظاہرہ کیا گیاتھا وہ مین ہٹن کی تاریخ کا سب سے بڑا مظاہرہ تھا جس میں امریکہ، کنیڈا، یورپ اور پوری دنیا سے کشمیری اور پاکستانی شریک ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ تیس ہزار سے زیادہ کشمیری اور پاکستانی اپنی جیب سے خرچہ کر کے نیویارک پہنچے جبکہ مودی کی حمایت میں ہونے والے ہیوسٹن کے مظاہرے میں لوگوں کو تمام اخراجات بھارتی حکومت نے مہیا کیے لیکن اس کے باوجود وہ مین ہٹن جیسا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے۔ صدر آزادکشمیر نے کہا کہ یہ بات نہایت اطمینان بخش ہے کہ امریکہ، کنیڈا، برطانیہ اور دیگر مغربی ممالک میں مقیم کشمیری اور پاکستانی مالی طور پر مستحکم اور سیاسی اثر و رسوخ رکھنے والے ہیں۔ امریکہ، برطانیہ اور یورپ کی پارلیمانز میں کئی پاکستانی اور کشمیری اپنی کمیونٹی کی نمائندگی کر رہے اور ان کا ان ممالک کے فیصلہ کن اداروں سے روابط بھی ہیں۔ صدر آزادکشمیر نے کہا کہ آنے والے وقت میں کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کو مزید منظم کر کے تنازعہ کشمیر کے حوالے سے ایک جاندار تحریک چلانے کے امکانات موجود ہیں جس پر کام جاری ہے۔ وفد کے ارکان نعیم ملک، سردار ظریف اور ندیم کھوکھر نے کشمیر کے حوالے سے بیرون ملک اپنی سرگرمیوں سے صدر ریاست کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ بیرون ملک مقیم کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی مشکل کی اس گھڑی میں مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہم مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ حق و انصاف پر مبنی جدوجہد میں تنہا نہیں بلکہ دنیا بھر میں مقیم کشمیری اور پاکستانی ان کے ساتھ ہیں۔ سمندر پار پاکستانیوں کے وفد کے ارکان نے مزید کہا کہ کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی ویتنام طرز کی ایک عالمی مہم شروع کرنے پر غور کر رہی ہے تاکہ تنازعہ کشمیر اور اس تنازعے کے حل نہ ہونے سے خطہ اور دنیا کے امن کو لاحق خطرات سے عالمی برادری کو آگاہ کرنے کے لئے ایک مہم چلائی جائے گی۔ اس مہم کے تحت کشمیریوں پر بھارتی فوج کے مظالم اور انسانی کی حقوق کی پامالیوں کو اجاگر کیا جائے گا۔ وفد کے ارکان نے صدر آزادکشمیر کو یوم پاکستان کے موقع پر نیویارک اور امریکہ کے مختلف حصوں میں یوم آزادی کے حوالے سے ہونے والے پروگراموں میں شرکت کی دعوت بھی جسے صدر نے قبول کر لیا۔ 
سردار مسعود

مزید :

صفحہ آخر -