وزیراعظم کے میڈیا کو کرپٹ مافیا کہنے پر قائمہ کمیٹی اطلاعات کا ناراضگی کا اظہار

 وزیراعظم کے میڈیا کو کرپٹ مافیا کہنے پر قائمہ کمیٹی اطلاعات کا ناراضگی کا ...

  



اسلام آباد(آن لائن)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات نے وزیراعظم کی طرف سے میڈیا کو کرپٹ مافیا کہنے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے جواب طلب کرلیا۔تاہم وزارت اطلاعات کی سیکرٹری نے مؤقف دینے کی بجائے کمیٹی سے کہا کہ اس کا جواب وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان جو اس وقت موجود نہیں ہیں، دیں گی۔کمیٹی کا اجلاس میاں جاوید لطیف کی نیب میں طلبی کے باعث ان کی عدم موجودگی میں چیئرپرسن فائزہ حمید کی صدارت میں پی ٹی وی ہیڈ کوارٹر میں منعقد ہوا۔اجلاس میں پی ٹی وی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ اور پی ٹی وی یونین کی طرف سے اپنے حقوق اور مطالبات کے بارے میں گفتگو کو ان کیمرہ کرنے کی وجہ سے صحافیوں کو اجلاس سے چلے جانے کے لئے کہا گیا۔قبل ازیں اجلاس میں سندھ کے ایک ریڈیو سٹیشن کو اپ گریڈ کرنے کے فنڈز کو دیگر مقاصدکیلئے استعمال کرنے پر بھی کمیٹی نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اسکی مکمل انکوائری اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی جبکہ وزیراعظم کی طرف سے میڈیا میں کرپٹ مافیا کے بیان کا دفاع کرتے ہوئے کمیٹی کی رکن کنول شوذب نے کہا کہ وزیراعظم کا مقصد سارے میڈیا کو کرپٹ مافیا کہنا نہیں بلکہ کچھ مخصوص لوگوں کی طرف اشارہ تھا۔تاہم قائمہ کمیٹی کی رکن نفسیہ شاہ نے اس حوالے سے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں پیمرا کے افسران کی شرکت کو لازمی قرار دیا۔

 کرپٹ مافیا

مزید : صفحہ آخر