ڈالر 20پیسے، سونا 250روپے تولہ مہنگا، سٹاک ایکسچینج میں بہتری ، سرمایہ کاری مالیت میں ساڑھے 14ارب کا اضافہ

ڈالر 20پیسے، سونا 250روپے تولہ مہنگا، سٹاک ایکسچینج میں بہتری ، سرمایہ کاری ...

  



کراچی (این این آئی) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر کو زبردست اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا لیکن مجموعی طور پر تیزی کا رجحان غالب آگیا جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس 39.10 پوائنٹس کے اضافے سے 40887.63  پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا جب کہ 55.52 فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں 14ارب54کروڑ68لاکھ روپے بڑھ گئے تاہم کاروباری حجم گزشتہ ٹریڈنگ سیشن کی نسبت38.02فیصد کم ہے۔مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس39.10پوائنٹس کے اضافے سے40887.63پوائنٹس پر بند ہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 24.88پوائنٹس کی کمی سے 18752پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 84.27پوائنٹس کے اضافے سے29101پوائنٹس پر بند ہوا۔ تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 14ارب54کروڑ68لاکھ روپے کا اضافہ ہوا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 78کھرب36ارب 7کروڑ47لاکھ روپے ہوگیا۔دوسری طرف صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 250روپے کے اضافے سے 87900ر وپے اوردس گرام سونے کی قیمت214روپے کے اضافے سے بڑھ کر75360روپے ہوگئی۔ادھر انٹر بینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں کمی ہوئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔انٹربینک میں 10پیسے کمی سے ڈالر کی قیمت خریدگھٹ کر154.90روپے اورقیمت فروخت گھٹ کر155روپے ہوگئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید20پیسے کے اضافے سے 154.70روپے اور قیمت فروخت10پیسے کے اضافے سے 155روپے ہوگئی۔

سونا،سٹاک ایکسچینج

مزید : صفحہ آخر