آپریشن کے دوران خواتین کی نازیبا ویڈیوز بنا نے کا انکشاف!

آپریشن کے دوران خواتین کی نازیبا ویڈیوز بنا نے کا انکشاف!

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


شیخوپورہ کی ڈائری
(محمد ارشد شیخ بیوروچیف)
معالجین کی ناقابل بیان حد تک بڑھتی فیسیں اورہسپتالوں کے دیگر اخراجات پہلے ہی ڈراؤنے خواب کی شکل اختیار کرچکے ہیں مگر اب مریض خواتین کی عزتیں بھی ہسپتالوں میں محفوظ نہ رہی ہیں جو یقینا باعث تشویش اور شدید پریشان کن ہے جس کی ایک گزشتہ روز سامنے آنے والی مثال یوں ہے کہ تھانہ سٹی بی ڈویژن کے علاقہ ریگل چوک کے قریب ایک سرجیکل اینڈ گائنی ہسپتال کے آپریشن تھیٹر میں آپریشن کے دوران ویڈیوز بنا نے کا معاملہ سامنے آیاواقفان حال کا کہنا ہے کہ ہسپتال کے منتظمین اور سٹاف گائنی آپریشن کے دوران خواتین کی دوران چیک اپ ان کی لا علمی میں نازیبا ویڈیوز بنا کر اپنے دوستوں کے واٹس گروپ میں شیئر کرنے لگے اس غیر اخلاقی غیر قانونی و غیر انسانی فعل کا انکشاف ایک شہری محمد زمان نے ڈی پی او شیخوپورہ غازی صلاح الدین کو دی جانیوالی تحریری درخواست میں کیا، محمد زمان نے الزام عائد کیاہے کہ سنبل سرجیکل اینڈ گائنی ہسپتال میں عرصہ دراز سے ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو سرفراز گادی، ڈاکٹرز، میل اور فی میل سٹاف چیک اپ اور آپریشنز کے دوران خواتین کی برہنہ و نازیبا ویڈیوز بنا کر نہ صرف انتہائی غیر اخلاقی، غیر قانونی و غیر انسانی فعل کے مرتکب ہوئے ہیں بلکہ انہوں نے اپنے پیشہ وارانہ فرائض سے بھی بددیانتی کی ہے، شہری نے مزید بتایا کہ مذکورہ ہسپتال کی سٹاف نرس طاہرہ جو کہ مذکورہ ہسپتال میں نرسنگ کے فرائض سرانجام دے رہی ہے وہ خود ویڈیوز بنا کر لوگوں کو شیئر کرکے لوگوں کی بہو بہنوں اور بیٹیوں کی تذلیل کررہی ہے، ڈی پی او شیخوپورہ غازی محمد صلاح الدین سے مطالبہ کیا کہ وہ ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو، ڈاکٹرز اور سٹاف کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کریں تاکہ شہریوں کی عزتیں محفوظ ہوسکیں جس پرڈی پی او شیخوپورہ غازی صلاح الدین نے فوری کاروائی کرتے ہوئے ڈی ایس پی سٹی خالد محمود کی سربراہی میں اسسٹنٹ کمشنر شبیر حسین بٹ اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد صدیق نے ہسپتال میں جا کر تحقیقات کرنے کے بعد آپریشن تھیٹر کو سیل کردیا اور ریکارڈ قبضہ میں لیکر مزید کاروائی شروع کردی ہے جبکہ سائبر کرائم کی خدمات حاصل کرنے سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو بھی تحقیقات میں شامل کرنے کا اظہار کیا ہے، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی ایس پی سٹی خالد محمود اور اسسٹنٹ کمشنر شبیر حسین بٹ نے کہا کہ عوام کے جان و مال اور عزت وآبرو کا تحفظ اولین ترجیح ہے اس غیر اخلاقی غیر انسانی فعل کا جو بھی مرتکب ہوا اس کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی کوئی بھی قانون سے بالاتر نہ ہے، ہسپتال کے تمام انسٹرومنٹ اور ریکارڈ قبضہ میں لیکر قانونی کاروائی شروع کردی ہے،واضح رہے کہ گزشتہ روز سامنے آنے والے حقائق کے بعد پیش رفت کچھ یوں ہوئی ہے کہ سنبل سرجیکل اینڈ گائنی ہسپتال ویڈیو سکینڈل سنسنی خیز رخ اختیار کرگیا، ضلعی انتظامیہ کی طر ف سے ہسپتال کے آپریشن تھیٹر کو سیل کرنے کے بعد ڈی پی او شیخوپورہ غازی صلاح الدین نے ڈی ایس پی سٹی خالد محمود اور ایس ایچ او تھانہ بی ڈویژن پولیس عامر محبوب کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دیکر مرکزی ملزمہ سٹاف نرس طاہرہ کو گرفتار کرلیا اورمذکورہ سٹاف کے خلاف 292اے پ ت اور292بی پ ت کے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی جبکہ درخواست گزار زمان ڈوگر کے خلاف بھی انہیں دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے جس کی گرفتاری کیلئے پولیس جگہ جگہ چھاپے ماررہی ہے ابتدائی تفتیش میں ایس ایچ او بی ڈویژن عامر محبوب نے بتایا کہ ویڈیو سکینڈل میں مرکزی ملزمہ طاہرہ جو سنبل سرجیکل اینڈ گائنی ہسپتال میں سٹاف نرس ہے یہ زچگی کے دوران نازیبا ویڈیوز بنا کر اپنے منگیتر زمان ڈوگر کو دیتی تھی مزید تحقیقات جاری ہیں جن سے تمام حقائق جلد سامنے آجائیں گے، ڈی پی او شیخوپورہ غازی صلاح الدین اس کیس میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں لوگوں کی عزتوں سے کھیلنے والوں کیساتھ آہنی ہاتھوں نمٹیں گے جبکہ دوسری جانب ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو سرفراز احمد گادی کی مدعیت میں پولیس نے ایف آئی آر درج کرلی ہے اور سٹاف نرس طاہرہ اور درخواست گزار زمان ڈوگر کو نامزد ملزم قرار دیدیا ہے ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو سرفراز گادی نے ایف آئی آر میں موقف اختیار کیا ہے کہ سٹاف نرس طاہرہ درخواست گزار زمان ڈوگر کو اپنا منگیتر ظاہر کرتی تھی اور اس کا ہسپتال میں آنا جانا تھا اس دوران سٹاف نرس طاہرہ نے زچگی کے دوران آپریشنز کی ویڈیوز بنا کر زمان ڈوگر کو دیں جو ویڈیو پر منظر عام پر آنے کے بعد ہمیں اور ہمارے ہسپتال کو بدنام کرنے کی دھمکی دیکر بلیک میل کرنے لگا،
قارئین!مذکورہ صورتحال کے حوالے سے حوصلہ افزا ء اقدام یہ ہے کہ آفیشل سپوکس پرسن چیف منسٹر پنجاب و رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے ایک تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع کروائی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نجی اخبار کی خبر کے مطابق شیخوپورہ کے نجی ہسپتال میں ایک گھناؤنے دھندے کا انکشاف ہوا ہے ہسپتال کا عملہ زچگی آپریشن کے دوران خواتین کی ویڈیوز بنا کر انھیں بلیک میل کرتا ہے شیخوپورہ ہسپتال کا عملہ خواتین کے آپریشن کرتے ہوئے ویڈیوز بناتا ہے، اس دوران ان کی عریاں ویڈیوز بھی بنائی جاتی ہیں خواتین کے زچگی کے آپریشن کی ویڈیوز بھی منظر عام پر آ گئی ہیں قابل اعتراض ویڈیوز بنا کر اہلخانہ کو بلیک میل کیے جانے کا بھی انکشاف ہوا ہے، لہذاٰ اب توقع کی جاسکتی ہے کہ حکومت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ذریعے جلد سے جلد اس واقعہ کو نمٹائے گی اور ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا ملے گی۔

مزید :

ایڈیشن 1 -