بھارت سرکار اندونی انتشا ر سے توجہ ہٹانے کیلئے فالس فلیگ آپریشن کر سکتی ہے: شاہ محمود

بھارت سرکار اندونی انتشا ر سے توجہ ہٹانے کیلئے فالس فلیگ آپریشن کر سکتی ہے: ...

  



اسلام آباد (این این آئی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مودی سرکار کی ہندوتوا پالیسی پر مبنی اقدامات کے خلاف پورا ہندوستان سراپا احتجاج ہے،بھارتی سرکار کے متعصبانہ اقدامات کے خلاف پر امن احتجاج کرنیوالے مظاہرین کو بدترین پولیس تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے،ہمیں خدشہ ہے بھارتی سرکار انسانی حقوق کی ان خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کیلئے،کوئی فالس فلیگ آپریشن کر سکتی ہے۔ پیر کو وزیر خارجہ کی زیر صدارت مشاورتی کونسل برائے امور خارجہ کا گیارہواں اجلاس وزارت خارجہ میں منعقد ہوا جس میں سیکریٹری خارجہ سہیل محمود، سابقہ خارجہ سیکریٹریز، سفراء، ماہرین عالمی تعلقات سمیت وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے شرکت کی۔دوران اجلاس ہندوستان میں جاری احتجاج،مقبوضہ جموں کشمیر میں جاری مسلسل کرفیو، کنٹرول لائن کی صورتحال سمیت اہم خارجہ امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ ہمیں خدشہ ہے کہ بھارتی سرکار انسانی حقوق کی ان خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کیلئے،کوئی فالس فلیگ آپریشن کر سکتی ہے۔شاہ محمود نے شرکاء کو صدر سیکورٹی کونسل کو لکھے گئے حالیہ خط کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے لاکھوں معصوم انسان 5 آگست سے بدترین کرفیو کا سامنا کر رہے ہیں۔اجلاس میں ہندوستان میں مسلمانوں کے خلاف بنائے گئے امتیازی قوانین اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کو عالمی سطح پر موثر انداز میں اجاگر کرنے کے حوالے سے خصوصی مشاورت کی گئی۔اجلاس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے معصوم انسانوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے کیلئے بین الاقوامی برادری کیساتھ سفارتی روابط کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

شاہ محمود قریشی 

مزید : صفحہ اول