سردی نے پچھلے تما م ریکارڈ توڑ ڈالے، کشمیر سے کراچی تک موسم یخ بستہ

  سردی نے پچھلے تما م ریکارڈ توڑ ڈالے، کشمیر سے کراچی تک موسم یخ بستہ

  



اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،ایجنسیاں) ملک کے بالائی علاقوں میں پارہ منفی 22 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا جس کے بعد سردی کا 20 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسکردو سمیت بالائی علاقوں میں سردی نے 20 سال کا ریکارڈ توڑ دیا۔ اس سے قبل 1999 میں اسکردو میں درجہ حرارت منفی 21 ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ چند روز سے بلتستان میں شدید سردی ہے اور پارہ منفی 22 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔سری نگر میں بھی درجہ حرارت 2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ نئی دہلی میں سردی کا 119 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیااور درجہ حرارت 2 ڈگری پر آ گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ شمالی علاقوں کے ندی، نالے اور دریا جم گئے۔ آئندہ 24 گھنٹے میں بالائی علاقوں میں پھر برفباری کا امکان ہے۔ بالائی علاقوں میں پارہ منفی21 تک گرگیامحکمہ موسمیات کے مطابق منگل کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور شدید سرد رہے گا۔ قومی شاہراہوں پر حد نگاہ صفر سے 20 میٹر رہ گئی۔ لاہور خانیوال سے ملتان موٹروے جبکہ ملتان سکھر موٹر وے ایم فائیو ملتان سے سکھر تک شدید دھند کی وجہ سے بند کر دی گئی۔ مال بردار ٹرک اور بڑی مسافر گاڑیاں، پٹرول پمپ اور نجی ہوٹلوں پر کھڑی کر دی گئیں۔ ملتان، لودھراں، بہاولپور، چیچہ وطنی اور میاں چنوں میں دھند کا راج ہے۔ رحیم یار خان، صادق آباد اور احمد پور شرقیہ بھی شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں۔شکر گڑھ میں مسافر وین شدید دھند کی وجہ سے درخت سے ٹکرا نے کے نتیجے میں 7مسافر زخمی ہو گئے۔بتایا گیا ہے کہ شکر گڑھ روڈ پر کرتار پور کے قریب تیز رفتار مسافر وین شدید دھند کے باعث درخت سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں سات مسافر زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا۔محکمہ موسمیات نے کراچی میں 3جنوری سے بارش اور سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ظاہرکیاہے۔چیف میٹرولوجسٹ نے بتایاکہ آنے والے دنوں میں کراچی میں مغربی ہواؤں کا سسٹم ایران کے راستے بلوچستان میں داخل ہوگا، مغربی سسٹم کے باعث بلوچستان اور سندھ میں بارشیں ہوں گی۔ شدید دھندکے باعث فضائی اورٹرین آپریشن گزشتہ روز بھی بری طرح متاثررہا،اندرون اور بیرون ملک سے آنے اور جانے والی 7پروازیں منسوخ اور20تاخیر کاشکار رہیں۔پی آئی اے،سعودی ائیر،بلیو ائیر لائنز،اتحاد ائیر لائیز کی اندون ملک و بیرون ملک آنے اور جانے والی پروازیں تاخیر کا شکار رہیں۔پی آئی اے کی مدینہ، کراچی جانے والی پروازیں،بلیو ائیر لائنز کی کراچی جانے والی پرواز،پی آئی اے کی کراچی سے آنے والی پروا،بلیو ائیر کی کراچی سے آنے والی پرواز،پی آئی اے کی اسلام آباد سے آنے والی پرواز منسوخ ہو گئیں۔ پی آئی اے نے سیالکوٹ اور پشاور میں موسم کی خراب صورتحال کے باعث پروازیں ری شیڈول کر دیں،پشاور آنے اور جانے والی پروازیں اسلام آباد،سیالکوٹ کی پروازیں لاہور سے آپریٹ کی جائیں گی۔علاوہ ازیں دھند کے باعث ملتان،فیصل آباد،کراچی اور کوئٹہ سے لاہور آنے والی 12 ٹرینیں  تاخیر کا شکار رہیں۔ جعفر ایکسپریس 6گھنٹے،قراقرم ایکسپریس ساڑھے 5 گھنٹے، علامہ اقبال ایکسپریس 5 گھنٹے،کراچی ایکسپریس 5 گھنٹے،اکبر ایکسپریس 5 گھنٹے،پاک بزنس ایکسپریس 4 گھنٹے، شاہ حسین 4گھنٹے،تیز گام ایکسپریس ساڑھے3 گھنٹے، فرید ایکسپریس 3 گھنٹے،خیبر میل 3 گھنٹے جبکہ گرین لائن ڈھائی گھنٹے تاخیر کا شکار رہیں۔

موسم

مزید : صفحہ اول