آج نیو ایئر نائٹ، تفر یحی مقامات کی سکیورٹی میں اضافہ

آج نیو ایئر نائٹ، تفر یحی مقامات کی سکیورٹی میں اضافہ

  



لاہور(کر ائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعید نے کہا ہے کہ نیو ایئر نائٹ کے موقع پرسخت سکیورٹی انتظامات عمل میں لائیں گے۔ہلڑ بازی، ہوائی فائرنگ، آتش بازی اور ون ویلنگ کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔ رائے بابر سعید نے کہا کہ ڈویژنل ایس پیزنیو ایئر نائٹ پر خود سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں گے۔ نیو ایئر نائٹ پرپولیس کے اضافی دستے بھی الرٹ رہیں گے اورڈولفن سکواڈ اور پولیس رسپانس یونٹس کے اضافی دستوں کی مسلسل پٹرولنگ یقینی بنائی جائے گی۔نیو ایئر نائٹ کے موقع پر شہر کے تمام تفریحی مقامات پر سکیورٹی بڑھا دی جائے گی۔علاوہ ازیں ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا ہے کہ تمام پولیس افسران سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تھانہ شاہدرہ میں منعقدہ کھلی کچہری کے دوران کیا۔ ایس پی سٹی رضا صفدر کاظمی، ایس ڈی پی او شاہدرہ سرکل محمد افتخار احمد،ایس ایچ اوز اور متعلقہ افسران اس موقع پر موجودتھے۔سائلین کی بڑی تعدادنے کھلی کچہر ی میں شرکت کی۔ شہریوں نے اپنے مسائل سے ڈی آئی جی آپریشنز کو آگاہ کیا۔رائے بابر سعید نے شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے۔ڈی آئی جی آپریشنزنے مزید کہا کہ فرنٹ ڈیسک سٹاف سائلین کی درخواستوں پر بلا تاخیر قانونی کاروائی عمل میں لائیں۔ شہری مسائل حل نہ ہونے کی صورت میں شنوائی کیلئے براہِ راست میرے دفتر تشریف لاسکتے ہیں۔

مزید : علاقائی