امید ہے نیا سال معاشی نمو کی نوید ثابت ہوگا‘ لاہورچیمبر

امید ہے نیا سال معاشی نمو کی نوید ثابت ہوگا‘ لاہورچیمبر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(پ ر) لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ، سینئر نائب صدر علی حسام اصغر اور نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد نے امید ظاہر کی کہ نیا سال معاشی نشوونما کی نوید ثابت ہوگا مگر اسکے لیے حکومت کو کچھ فیصلہ کن اقدامات اٹھانا پڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال کے دوران پبلک پرائیویٹ مشاورت حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے کیونکہ تاجر برادری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی اور معاشی ترقی کے لیے بہترین تجاویز دے سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ توانائی، پانی، مارک اپ، یوٹیلٹی پرائسز اور سرخ فیتے کی رکاوٹوں کا خاتمہ بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہونے چاہئیں۔ حالیہ گیس بحران کا اشارہ دیتے ہوئے لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ صارفین کو سال بھر بجلی اور گیس کی مسلسل فراہمی لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس کا موجودہ بحران صرف مینجمنٹ کا مسئلہ ہے، اگر اس پر قابو پا لیا جائے تو ملک میں گیس کی کوئی قلت نہیں ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے سٹیٹ بینک آف پاکستان نئے سال کے دوران مارک اپ کی شرح سنگل ڈیجٹ تک لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مارک اپ کی موجودہ شرح 13.25فیصد بہت زیادہ ہے، صنعتوں کو سستے سرمائے کی ضرورت ہے، وہ اس قدر بھاری مارک اپ پر قرضے لیکر صنعتیں چلانے کے متحمل نہیں ہوسکتے لہذا سٹیٹ بینک آف پاکستان اس سلسلے میں فوری اقدامات اٹھائے۔ 


انہوں نے کہا کہ بجلی، گیس، پٹرول صنعتوں کے لیے خام مال ہیں لہذا حکومت ان کی قیمتیں کم کرنے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ برآمدات کو تیزی سے فروغ دینے کے لیے حکمت عملی وضع کرے، ملک ایکسپورٹ پاور ہاؤس بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے مگر موجودہ برآمدات مایوس کن سطح پر ہیں، ویلیوایڈیشن، اچھی مارکیٹنگ اور بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں میں ڈسپلے سنٹرز اس سلسلے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے پاکستانی مصنوعات کے لیے نئی منڈیاں تلاش کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ مزید برآں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کاروباری شعبے کے لیے نیب قوانین میں ترامیم کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے کاروباری برادری کا اعتماد بڑھے گا۔ 

مزید :

کامرس -