ایتھانول کا برآمدی حجم 425ملین ڈالر تک پہنچ گیا
اسلام آباد (اے پی پی) 2018ء کے دوران پاکستان نے 425ملین ڈالر مالیت کا ایتھانول برآمد کیا ہے‘ دوران سال 6 لاکھ 53ہزار 443ٹن ایتھانول برآمد کیا گیا ہے۔ ایتھانول کو پیٹرول میں شامل کرکے اس کی سالانہ برآمدات پر 20 فیصد تک زرمبادلہ کے خسارہ سے بچا جاسکتا ہے۔معروف تجزیہ کار سید اختر علی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ دنیا بھر کے ممالک ایتھانول کو پیٹرول اور ڈیزل میں شامل کررہے ہیں جبکہ اس کے برعکس پاکستان ایتھانول کو برآمد کرتا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پیٹرول کی سالانہ طلب 7.5 ملین ٹن ہے اور اگر اس میں 10فیصد ایتھانول شامل کیا جائے تو اس سے درآمدی بل کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو خالص ایتھانولبرآمد کرنے کی وجہ سے کوئی خاطر خواہ فائدہ نہیں ہے کیونکہ اگر ایتھانول کو پیٹرول میں شامل کیا جائے تو اس سے پیٹرول کی درآمدات میں کمی سے قیمتی زرمبادلہ بچایا جاسکتا ہے۔
اور دوسری جانب ایتھانول کی برآمدات سے زرمبادلہ کے 20فیصد خسارہ پر بھی قابو پاجاسکتا ہے۔