کے پی ٹی کی سیکڑوں ایکڑاراضی نقشے سے نکالنے کی تیاری
کراچی (نمائندہ خصوصی) کراچی پورٹ ٹرسٹ کی سینکڑوں ایکڑقیمتی اراضی نقشے سے باہرنکالنے کی تیاری، کرائے پر حاصل کی جانے و الی اراضی پر رہائشی پلازے کھڑے کردیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی پورٹ ٹرسٹ کی انتظامیہ نے کیماڑی، ڈاکس کالونی، مجید کالونی، شیریں جناح کالونی، گلشن سکندر آباد، ریلوے کالونی گھاس بندر، ویسٹ و ہارف، مچھر کالونی، کلفٹن، نیلم کالونی، ہاکس بے سمیت متعدد مقامات پر قیمتی اراضی واگذار کرانے کی بجائے اصل نقشے سے باہر نکالنے کی سفارش کی ہے۔ مذکورہ مقامات پر کراچی پورٹ ٹرسٹ کے سابقہ کرپٹ افسران نے مبینہ طور پر بھاری نذرانے لے کر پہلے قبضے کروائے پھر عدالتوں سے حکم امتناعی دلوایا اور پھر انہیں رینٹل لیز دے کر قانونی تحفظ فراہم کردیا۔ اب ان آبادیوں کو ہٹانے کا منصوبہ دور دور تک قابل عمل نظر نہیں آتا۔ جبکہ ان مقامات کی قیمتی اراضی کھربوں روپے مالیت کی بتائی جاتی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ کی زمینوں پر قبضے میں ملوث سیاسی افراد کو موجودہ وفاقی وزیر کی آشیر باد بھی حاصل ہے۔