واپڈا ملازمین کے مسائل کا خاتمہ اولین ترجیح ہے، عمر ایوب

واپڈا ملازمین کے مسائل کا خاتمہ اولین ترجیح ہے، عمر ایوب

  



ہری پور(آن لائن)وفاقی وزیر توانائی و پٹرولیم عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ واپڈا ملازمین کے مسائل کا خاتمہ اولین ترجیح ہے، ہزارہ میں واپڈا ملازمین کی کمی کو پورا کرنے کیلئے 10 ہزار افراد بھرتی کریں گے، عوام کی عزت نفس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، عوام محکمہ واپڈا میں چھپی کالی بھیڑیوں کی نشاندہی کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک یونین کے صوبائی وائس چیئرمین جمیل تنولی کی قیادت میں واپڈا ملازمین کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ عمر ایوب خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی سرپرستی میں ملک بھر کے اندر بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ہے، بجلی چوری کے خلاف کارروائی سے 112 ارب کی ریکوری کے ساتھ 228 ارب روپے ریونیو زیادہ ہوا ہے جبکہ سندھ میں بجلی چوروں کے خلاف مہم وڈیروں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے اور وزیراعظم عمران خان اس مہم میں سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے 80 فیصد فیڈرز پر لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر دیا ہے، نئے سسٹم کے ذریعہ چوری کی روک تھام یقینی بنائیں گے اور آنے والے سالوں سے مختلف منصوبوں سے بجلی کی قیمتوں میں کمی لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کی مضبوطی سے ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔

عمر ایوب

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر