آئی سی سی نے 4 روزہ ٹیسٹ میچ لازمی قرار دینے پر غور شروع کر دیا مگر کیوں؟ ایسی وجوہات بھی بیان کر دیں کہ ہر کوئی حیران رہ جائے

آئی سی سی نے 4 روزہ ٹیسٹ میچ لازمی قرار دینے پر غور شروع کر دیا مگر کیوں؟ ایسی ...
آئی سی سی نے 4 روزہ ٹیسٹ میچ لازمی قرار دینے پر غور شروع کر دیا مگر کیوں؟ ایسی وجوہات بھی بیان کر دیں کہ ہر کوئی حیران رہ جائے

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 4 روزہ ٹیسٹ میچ کو لازمی قرار دینے پر غور شروع کر دیا ہے اور آئی سی سی کمیٹی 2020ءمیں باضابطہ طور پر اس معاملے کا جائزہ لے گی تاہم کھلاڑیوں کی جانب سے اس تجویز کی بھرپور مخالفت کئے جانے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے 31-2023ءکے فیوچر ٹور پروگرام میں زیادہ جگہ نکالنے کیلئے طویل فارمیٹ کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے تاہم کھلاڑی ابھی سے ناخوشی ظاہر کرنے لگے جس کے باعث تجویزکی بھرپورمخالفت ہوسکتی ہے۔ اس تجویز کا مقصد فیوچر ٹور پروگرام میں زیادہ جگہ نکالنا ہے کیونکہ آئی سی سی کوپہلے ہی اپنے ایونٹس کیلئے ونڈو کی دستیابی کا مسئلہ ہے جبکہ بڑی ڈومیسٹک ٹی 20 لیگ کوبھی جگہ چاہیے اور بی سی سی آئی اپنے باہمی کلینڈر کیلئے ایک بڑی جگہ پر بضد ہے، صرف یہی نہیں بلکہ ٹیسٹ سیریزکے انعقاد آنے والے اخراجات بھی اس تجویزکی ایک وجہ ہیں۔

سال 2015ءسے 2023ءتک کے اس جاری دورانیہ میں اگر5 کے بجائے4 روزہ ٹیسٹ میچز کھیلے جاتے تواس دوران 335 دن کی بچت ہوسکتی تھی جوکہ دوسرے ایونٹ کے انعقاد میں کام آ سکتے تھے جبکہ اس تجویز کی منظوری سے جمعرات سے اتوار تک میچزکے انعقاد کا امکان بھی بڑھ جائے گا، نشریاتی اداروں کو بھی بچت ہوگی اور وہ پانچویں دن کے بجٹ سے بچ جائیں گے، گراﺅنڈ سٹاف کو زیادہ بہتر وکٹیں تیار کرنے میں مدد ملے گی، 4 روزہ ٹیسٹ میں روزانہ 90 کے بجائے 98 اوورزکا کھیل ہوگا، اس طرح ایک دن کی کٹوتی سے صرف 58 اوورز کا نقصان ہوگا۔

ذرائع کے مطابق اس تجویز کے حق میں ایک دلیل یہ بھی دی جاری ہے کہ 2018ءکے آغاز سے اب تک کھیلے گئے 60 فیصد ٹیسٹ میچز4 دن کے اندر ختم ہوئے ہیں،کرکٹ آسٹریلیا سمیت کچھ بورڈز اس تجویز کے حق میں دکھائی دیتے ہیں تاہم کھلاڑی اس سے خوش نظر نہیں آ رہے، فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن کے چیف ٹونی آئرش کہتے ہیں کہ پہلے ہم اس تجویز کی واضح تصویر دیکھنا چاہیں گے، ویسے بھی آئی سی سی ہر کچھ دن بعد نئی چیز سامنے لے آتا ہے۔

مزید : کھیل