سال 2019ءمیں پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی کامیابی کیا رہی؟ احسان مانی نے بتا دیا

سال 2019ءمیں پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی کامیابی کیا رہی؟ احسان مانی نے بتا دیا
سال 2019ءمیں پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی کامیابی کیا رہی؟ احسان مانی نے بتا دیا

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے ٹیسٹ کرکٹ کیلئے سری لنکن ٹیم کی پاکستان آمد کو سال 2019ءکی سب سے بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی سی بی رواں سال اپنے تمام اہداف کے حصول میں کامیاب رہا۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی نے سال کے آخری دن 2019 کا جائزہ لیتے ہوئے مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے اس سال کو بہت اہم اور کامیابیوں سے بھرپور قرار دیا اور کہا کہ رواں سال کے آغاز میں انہوں نے اپنے لئے چار اہداف مقرر کئے تھے جنہیں سال کے اختتام پر مکمل طور پر حاصل کر لیا گیا۔ان اہداف میں آئین میں اصلاحات لانے کیساتھ ساتھ پی سی بی کے گورننس سٹرکچر کو شفاف بنانے اور کارپوریٹ سٹرکچر کو فروغ دیتے ہوئے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی کو ممکن بنانا بھی شامل تھا۔

احسان مانی نے کہاکہ سری لنکا کرکٹ ٹیم کو دورہ پاکستان کیلئے راضی کرنا سب سے بڑا چیلنج تھا کیونکہ مہمان بورڈ نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کیلئے پہلے محدود اوورز کی کرکٹ کھیلنے پر رضامندی ظاہرکی اور اس کے بعد سری لنکا کرکٹ ٹیم کو دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کھیلنے کیلئے پاکستان لانا رواں سال ہماری سب سے بڑی کامیابی ہے۔سری لنکا ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کی آمد سے دنیا کوایک واضح پیغام پہنچا ہے کہ پاکستان بین الاقوامی کرکٹ مقابلوں کے انعقاد کیلئے ایک پرامن اور محفوظ ملک ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے کہاکہ انٹرنیشنل کرکٹ میں بہتر نتائج حاصل کرنے کیلئے ڈومیسٹک کرکٹ میں بہتری لانا بہت ضروری ہے اور اسی لئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے مختصر وقت میں شاندار ڈومیسٹک سٹرکچر ترتیب دیا جس کے نتیجے میں شائقین کرکٹ کو ایک کامیاب قائداعظم ٹرافی دیکھنے کو ملی۔ڈومیسٹک سٹرکچر میں کی گئی چند تبدیلیاں قومی کرکٹ کیلئے مفید ثابت ہوئیں جیسے ڈومیسٹک کرکٹ کے مقابلے چوتھے دن تک پہنچے، اسی طرح فاسٹ باﺅلرز کی اضافی مدد کا سلسلہ ختم ہوا اور سپنرز کے کردار میں اضافہ ہوا اور یہ سب چیزیں مستقبل میں قومی کرکٹ ٹیم کے کام آئیں گی۔

مزید : کھیل