رواں برس کتنے پاکستانی کام کی غرض سے ملک چھوڑ گئے، جواب ہر اندازہ غلط ثابت کردے
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) 2019ءمیں روزگار کی غرض سے بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کی تعداد میں حیران کن اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ خلیج ٹائمز کے مطابق اس سال 5لاکھ 63ہزار18 پاکستانی بیرون ملک روزگار کے لیے گئے۔ 2018ءمیں یہ تعداد 3لاکھ 82ہزار 439تھی۔ چنانچہ 2019ءمیں رزق کی تلاش میں بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کی تعداد میں 1لاکھ 80ہزار 579افراد کا غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے۔
پاکستانی وزارت برائے تارکین وطن و ہیومن ریسورسز ڈویلپمنٹ کی طرف سے جاری اعدادوشمار کے مطابق 2019ءمیں بیرون ممالک جانے والے پاکستانیوں میں 1.56فیصد بڑے ہنر مند، 2.53فیصد اعلیٰ تعلیم یافتہ، 45.55فیصد ہنر مند، 10.64فیصد نیم ہنرمند اور 39.72فیصد غیرہنرمند تھے۔ ان میں سے زیادہ تر پاکستانی خلیجی ممالک میں گئے۔ اس سال بھی متحدہ عرب امارات پاکستانیوں کے لیے پسندیدہ رہا جہاں سب سے زیادہ 1لاکھ 85ہزار پاکستانی روزگار کی تلاش میں گئے۔ واضح رہے کہ 2015کے بعد سے پانچ سالوں میں کل 1کروڑ 10لاکھ 52ہزار 663پاکستانی روزگار کے لیے بیرون ملک جا چکے ہیں۔