”عمران خان مرغے کی طرح اذان دینے کے بعد کچھ نہیں کرتے “محسن رانجھا کا دعویٰ
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)مسلم لیگ ن کے رہنما محسن رانجھا نے کہاہے کہ وزیر اعظم نے اقوام متحدہ میں تقریر بہت اچھی کی لیکن یہ تقریرایسی تھی کہ جیسے مرغا ادان دینے کے بعد کچھ نہیں کرتا ، عمران خان نے بھی اس طرح تقریر کرنے کے بعد کچھ نہیں کیا ۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے محسن رانجھا نے کہا کہ حکومت نے اپنا سفر انڈے سے شروع کیا ، بات مرغیوں اور کٹوں سے بڑھتے بڑھتے اب ملک کے دیوالیہ ہونے تک آگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب وزیر اعظم نے اپنے اہم ترین پراجیکٹ کا تعین کرنے کیلئے تین رکنی کمیٹی بنائی ہے ، وہ کونسا وزیر اعظم ہے جس کو اپنے اہم ترین پراجیکٹ کا علم ہی نہیں ہے ؟ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کوئی ایک اہم پراجیکٹ بتادے جو شروع کیا ہو۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے نئے سال کا تحفہ دیاہے ، اس کا اثر یہ ہوگا کہ پہلے جو بجلی کا بل ہے وہ کافی زیادہ ہے ، اس میں مزید اضافہ ہوجائیگا ۔
محسن رانجھا کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ میں کشمیر کے معاملے پر ہم کومنہ کی کھانی پڑی ، وزیر اعظم نے اقوام متحدہ میں تقریر بہت اچھی کی لیکن یہ تقریرایسی تھی کہ جیسے مرغا ادان دینے کے بعد کچھ نہیں کرتا ، عمران خان نے بھی اس طرح تقریر کرنے کے بعد کچھ نہیں کیا ۔