لاہور کے قلب میں المصطفیٰ آئی ہسپتال فنکشنل ہو گیا

لاہور کے قلب میں المصطفیٰ آئی ہسپتال فنکشنل ہو گیا
لاہور کے قلب میں المصطفیٰ آئی ہسپتال فنکشنل ہو گیا

  

شہر بے مثال لاہور کے عین وسط میں انتہائی اہم اور پُر رونق مقام پر ”المصطفیٰ آئی ہسپتال“ کا قیام…… پنجاب اسمبلی اور برٹش کونسل کے نواح میں لارنس گارڈن اور لاہور تعلیمی بورڈ کے بہت قریب گنگا رام ہسپتال کے عقب میں ”المصطفیٰ آئی ہسپتال“ فنکشنل ہو چکا ہے۔ ”المصطفیٰ آئی ہسپتال“ کی کشادہ بیسمنٹ اور فسٹ فلور کا تعمیراتی کام، آپریشن تھیٹر کی تیاری اور ہسپتال کی تزئین و آرائش کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ اِس شاندار ہسپتال میں آنکھوں کے مفت آپریشن اور امراضِ چشم کے علاج کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ اس طرح دُنیا کے 22 ممالک میں خدمت انسانیت کے لئے سرگرم عمل ”المصطفیٰ آئی ہسپتال“ کا ایک دیرینہ خواب تعبیر آشنا ہوا…… ”المصطفیٰ آئی ہسپتال“ کے لئے ماہرین امراضِ چشم کے ساتھ ساتھ تجربہ کار، کوالیفائیڈ اور ماہر ترین ڈاکٹروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں …… اور خدمت کے لازوال جذبے سے سرشار با اخلاق، ہمدرد، مہربان، شفیق اور خلیق عملہ تعینات کیا گیا ہے……”المصطفیٰ آئی ہسپتال“ اپنی نوعیت کا انوکھا اور منفرد و مختلف منصوبہ ہے، جہاں ایک ہی چھت تلے آنکھوں کے معائنے، مرض کی تشخیص و سفید موتیا کے آپریشن، لینز، ادویات، نظر کے چشمے اور فالو  اَپ کی تمام تر سہولتیں اعلیٰ ترین معیار کے ساتھ مفت مہیا کی جائیں گی۔ پرچی سے آپریشن تک ہر سہولت فری ہو گی۔

ایک معروف سماجی، کاروباری اور فلاحی شخصیت جناب شیخ فضل الرحمن نے انتہائی اخلاص اور صادق جذبے کے ساتھ رفاعی اور فلاحی مقاصد کے لئے مدینہ ٹرسٹ کی بنیاد رکھی۔ 1990ء میں ان کے قابل ِ فخر اور خوش بخت بیٹے شیخ عطا الرحمن نے مدینہ ٹرسٹ کی ذمہ داری سنبھالی اور نئے جذبے اور ولولے کے ساتھ مدینہ ٹرسٹ کے زیر اہتمام مزنگ روڈ پر آٹھ مرلہ زمین پر مدینہ لیب قائم کی،جہاں پر غریب مریضوں کو مختلف میڈیکل ٹیسٹوں کی سہولت انتہائی معمولی معاوضے کے ساتھ فراہم کرنے کی خدمت سالہاسال کامیابی کے ساتھ جاری رکھی۔ محترم شیخ عطا الرحمن کی وفات کے بعد بھی ان کے سعادت مند اور درد دِل رکھنے والے بیٹوں نے خدمت انسانیت کا یہ عمل جاری رکھا۔ المصطفیٰ کے کنٹری ڈائریکٹر جناب تجمل گرمانی مدینہ لیب کے ذمہ داران کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے اور انہیں المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے ساتھ مل کر مشترکہ بنیادوں پر خدمت انسانیت کا کام کرنے کی ترغیب دلاتے رہے۔ 

 المصطفیٰ آئی ہسپتال بجھی آنکھوں والے نابینا افراد کے لئے امید و امکان اور روشنی کی علامت ہے…… المصطفیٰ آئی ہسپتال ایک مشن ہے، خدمت انسانیت کا مشن، ایک کوشش  ہے، اندھے پن کے خاتمے کی کوشش، ایک تحریک ہے، روشنی سب کے لئے تحریک…… اپنے دِل میں دُکھی انسانیت کا درد رکھنے والے لوگو! دیکھنے سے محروم بجھی آنکھوں کو پھر سے دیکھنے کے قابل بنانے کے اس عظیم مشن میں المصطفیٰ کا ساتھ دیں …… آپ کے دیئے گئے عطیات سے  ہونے والے آپریشن کے ذریعے کسی غریب کی مدتوں سے ٹھہری، رُکی، تھمی اور ویران زندگی پھر سے مسکرا اٹھے گی، رواں دواں ہو جائے گی، آپ کی دی ہوئی مدد صدقہ جاریہ بن کر بہت سی زندگیاں بدلے گی، آیئے اپنے حصے کا فرض ادا کیجئے، کہیں ایسا نہ ہو کہ ہماری راہ دیکھتی اجڑی آنکھیں ہمیشہ کے لئے مایوس ہو جائیں …… آیئے زندگی ختم ہونے سے پہلے مل جل کر اپنی جیب اور اپنے احساس کے ذریعے ان مفلوک الحال خاک نشینوں کو سُکھ کی چھاؤں فراہم کریں جن کی حیات میں شاخ بھر چھاؤں بھی باقی نہیں رہی…… ہمیں یاد رکھنا ہو گا کہ ایمان کے بعد افضل ترین نیکی خلق ِ خدا کی خدمت ہے۔ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے کئی برس سے جاری فری آئی کیمپوں کے ذریعے ایک لاکھ بجھی آنکھوں کی روشنی بحال ہو چکی۔

آنکھوں کے ایک لاکھ مفت آپریشن مکمل کر لینے کے بعد لاہور میں المصطفیٰ آئی ہسپتال کا قیام المصطفیٰ کی دوسری بڑی کامیابی ہے اور یہ سب کچھ اللہ کریم کے فضل وا حسان اور المصطفیٰ کے ڈونرز اور معاونین کی مدد و تعاون سے ممکن ہوا ہے۔ ایک لاکھ بندگان خدا کو بینائی کا تحفہ دے کر ان کی زندگیاں روشن کرنے کے بعد اب  المصطفیٰ آئی ہسپتال کے ذریعے پھر سے مسکرائیں گے کئی گھرانے…… ہمارے پڑھنے والو! آنکھ کی نعمت کے شکرانے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ کسی اندھے کو دیکھنے کے قابل بنایا جائے۔ اس وقت بھی دنیا میں کروڑوں غریب نابینا افراد زندگی کے رنگ دیکھنے کے منتظر ہیں …… آگے بڑھیں اور المصطفیٰ  آئی ہسپتال کے چلانے کے عمل کا حصہ بن کرروشنی کے سفیر بن جائیں۔

مزید :

رائے -کالم -