حضرت شاہ عنایت قادریؒ کے عرس کی تقریبات اختتام پذیر

حضرت شاہ عنایت قادریؒ کے عرس کی تقریبات اختتام پذیر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(خبر نگار)پاک وہند کے معروف صوفی بزرگ حضرت شاہ عنایت قادری ؒکے299 ویں سالانہ عرس کی دو روزہ تقریبات  اختتام پذیر ہو گئیں۔عرس مبارک کا افتتاح و رسم چادر پوشی گزشتہ روز اسیکرٹری/چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے مشائخ، علماء، عمائدین اور دیگر شخصیا ت کے ہمراہ کرتے ہوئے کہا تھاکہ صوفیاء کے طرز ِ زندگی سے راہنمائی کی ضرورت ہے۔ 

 صوفیاء نے اس خطے میں جو معاشرت استوار کی اس میں شرفِ آدمیت اور تکریم انسانیت کو بنیادی اہمیت حاصل تھی،انہوں نے رنگ ونسل اور علاقائی وقبائلی تقسیم سے بالا ہوکر رواداری، اخوت اور انسان دوستی جیسے جذبوں کو فراواں کیا۔

اور معاشرتی تحفظات اور سوشل سیکیورٹی کی بہم رسانی کویقینی بنایا۔ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے صوفیاء کی تعلیمات کا ابلاغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

 اسی سے دْکھی انسانیت کو سکون اور روادانہ فلاحی معاشرے کی منزل میسر آسکے گی۔ افتتاح و رسم چادر پوشی کے موقع پر ایڈ منسٹریٹر اوقاف لاہور زون ایسٹ ایاز محمود لاشاری، پیر ناظم حسین شاہ، منیجر اوقاف حسن رضوان، ضلعی خطیب اوقاف مولانا محمد شفیق، چیئرمین و ممبران امور مذہبیہ کمیٹی اور زائرین کی کثیر تعداد سمیت محکمہ اوقاف کے دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔ سیکرٹری اوقاف نے مزید کہا تھاکہ حضرت شاہ عنایت قادری ؒبر صغیر کی تاریخِ تصوّف میں بلند مقام کے حامل تھے۔ آپ ؒبلند پایہ علمی شخصیت اور معتبر صوفی بزرگ تھے، بابا بلھے شاہ ؒجیسی ہستی نے آپ ؒسے اکتسا بِ علم و روحانیت کیا۔ اس موقع پر انہوں نے صفائی، سیکیورٹی، لنگر اور روحانی محافل کے امور کا جائزہ لیا اور دربار شریف کے مختلف مقامات دیکھے اور ملک کے مختلف حصوں سے آئے زائرین سے بھی ملاقات کی تھی۔