پی ایس ایل10، انگلش کرکٹر الیکس ہیلز نے سائن اپ کرلیا
لاہور (یواین پی) انگلش کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی الیکس ہیلز نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے لئے سائن اپ کرلیا۔ پاکستان سپر لیگ سیزن 10 کی تیاریاں عروج پر ہیں اور ڈرافٹنگ کیلئے غیر ملکی کھلاڑیوں نے اپنی رضا مندی بھی ظاہر کرنا شروع کر دی ہے۔ پی سی بی کے مطابق انگلش کھلاڑی ایلکس ہیلز نے بھی ایونٹ میں شرکت کی تصدیق کرتے ہوئے پلیئر ڈرافٹ کے لئے سائن اپ کرلیا ہے۔35 سالہ کھلاڑی نے 75 ٹی ٹونٹی میچوں میں انگلینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے 2074 رنز بنائے۔
جس میں 12 نصف سنچریاں اور ایک سنچری شامل ہے۔ ایلکس ہیلز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ چھ سیزن اور کراچی کنگز کے ساتھ ایک سیزن کھیلا ہے۔مجموعی طور پر انہوں نے پی ایس ایل کے 44 میچوں میں 1180 رنز بنائے جس میں چھ نصف سنچریاں شامل ہیں۔پچھلے سیزن میں انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ وہ 10 میچوں میں 14.80 کی اوسط اور 124.36 کے اسٹرائیک ریٹ سے 148 رنز بنا سکے۔ ان کا T20 فرنچائز لیگ کا وسیع تجربہ انڈین پریمیئر لیگ (IPL)، بگ بیش لیگ (BBL)، بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (BPL) اور انٹرنیشنل لیگ ٹی ٹونٹی (ILT20) جیسے ٹورنامنٹس پر محیط ہے۔ یاد رہے کہ پلیئر ڈرافٹ پہلی بار بلوچستان میں منعقد کیا جائے گا جس کی میزبانی 11 جنوری 2025ء کو گوادر کرے گا۔