سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی ہنڈرڈ انڈیکس میں 3907 پوائنٹس کا اضافہ
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مندی کے بعد زبردست تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔پاکستان سٹاک ایکسچینج کاروباری ہفتے کے پہلے روز آغاز سے اختتام تک مسلسل گرین زون میں ٹریڈ ہوئی، پاکستان سٹاک ایکسچینج دوران ٹریڈنگ 4 ہزارپوائنٹس پلس ہوئی۔کاروباری ہفتے کے پہلے روز 100 انڈیکس کا آغاز 500 پوائنٹس تیزی سے ہوا، 100 انڈیکس کا اختتام 3 ہزار907 پوائنٹس بڑھ کر 1 لاکھ 15 ہزار 258 پوائنٹس کی حد پر ہوا۔100 انڈیکس زبردست تیزی سے 1 لاکھ 11 ہزار کی حد سے بڑھ کر 1 لاکھ 15 ہزار 4 سو کی حد پر ٹریڈ ہوا، سٹاک ایکسچینج میں 465 کمپنیوں کے شیئرز میں ٹریڈنگ ریکارڈ کی گئی۔سٹاک ایکسچینج میں 333 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں اضافہ اور 84 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں کمی ہوئی، سٹاک ایکسچیبج میں 1 ارب 5 کروڑ شیئرز کا کاروباری حجم 40 ارب 88 کروڑ روپے سے زائد رہا۔
سٹاک مارکیٹ
حکومت کے اتحادی نہیں،ملکی مفاد میں سپورٹ فراہم کر رہے ہیں، یوسف گیلانی
لاہور، اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں) چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت کے اتحادی نہیں ہیں بلکہ ملک و قوم کے مفاد میں اسے سپورٹ فراہم کر رہے ہیں، معاشی استحکام سیاسی استحکام سے جڑا ہوا ہے، نئی حکومت آتی ہے تو جانیوالی حکومت کی معاشی پالیسی کو ختم کر دیا جاتا ہے جس کا نقصان ہوتا ہے،معاشی پالیسیوں کے تسلسل کیلئے میثاق معیشت نا گزیر ہے،ہر شخص کو ٹیکس ادا کرناچاہیے، حکومت ڈالرز میں ترسیلات زر بھیجنے والوں کو مراعات دے،بیورو کریسی نے مختلف اداروں کے بورڈز میں سینٹ ممبران کی شمولیت پر اعتراض اٹھایا ہے،چیئرمین سینٹ کے احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے پر تحریک استحقاق لانے کا سوچ رہے ہیں،سینٹ کی معیشت کے حوالے سے قائمہ کمیٹیوں میں لاہور چیمبر کے ممبران کو خصوصی طور پر مدعو کرنے کی اجازت دیتا ہوں،امریکہ کی جانب سے پاکستان کے میزائل پروگرام بارے تحفظات پر چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نوڈیرو میں خطاب کے دوران بات کی ہے یہی پیپلز پارٹی کاپالیسی بیان ہے۔ ہیومن کیپٹل اور انڈسٹریز کی ماڈرنائزیشن ہماری بنیادی ترجیح ہے،تاجروں کے مسائل حل کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کروں گا اب ڈیجیٹل انقلاب آرہا ہے،بزنس کمیونٹی اور سینٹ میں رابطوں کے لئے کردار ادا کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر خطاب اور میڈیا کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد،سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان،نائب صدر شاہد نذیر، ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران،سابق صدور اور دیگر بھی موجود تھے۔لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے چیئرمین سینٹ کو مختلف تجاویز اور اپنے مطالبات بھی پیش کی۔لاہور چیمبر کے صدر ابوذر شاد نے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔
یوسف گیلانی