پنجاب میں انتظامی معاملات پر پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ میں ڈیڈ لاک برقرار
اسلام آباد(آئی این پی) مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی کو فنڈز دینے کا مطالبہ مسترد کر دیا۔ صوبہ پنجاب میں انتظامی معاملات پر پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ میں ڈیڈ لاک برقرار ہے، ذرائع کا کہنا ہے چند روز پہلے ہونیوالی دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کی ملاقات بے نتیجہ رہی، حکومت نے پی پی پی ارکان اسمبلی کو فنڈز دینے کا مطا لبہ تسلیم نہیں کیا،حکومتی ٹیم نے فنڈنگ کے مطالبے کے جواب میں کہا فی الحال مجموعی منصوبوں کیلئے فنڈنگ کر سکتے ہیں۔ حکومتی ٹیم نے یہ بھی کہا ہم تو اپنے ارکان اسمبلی کو بھی الگ فنڈ نگ نہیں کر رہے، جس پر پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے میٹنگ میں ناراضی کا اظہار کیا، ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی اور(ن) لیگ کی میٹنگ کا اختتام ایک اور کمیٹی بنانے پر ہوا۔ واضح رہے پیپلز پارٹی کا پاور شیئرنگ پر وفاقی حکومت سے اختلاف شدید تر ہوتا جا رہا ہے، وفاقی حکومت سندھ کے منصوبوں پر فنڈز جاری نہیں کر رہی اور بلوچستان کے مسائل پر بھی سنجیدہ نہیں،پیپلز پارٹی کے مطابق وفاقی حکومت کے پی کے اور پنجاب میں گورنرز کیساتھ انتظامی امور بھی حل نہیں کر رہی ہے، پی پی پی رہنماؤں نے قیادت سے شکوہ کیا ہے کہ انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کو ووٹ دیئے، لیکن بدلے میں ہمارے ووٹرز کیلئے کچھ نہیں ہو رہا۔
ڈیڈلاک برقرار