پاکستا ن اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات باہمی اعتماد، احترام پر مبنی: مریم نواز
لاہور(جنرل رپورٹر)پاکستان اور یو اے ای کے مابین دو طرفہ تعاون کو مزید بلندی پر پہنچانے کیلئے پنجاب اور یو اے ای کا ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی ہیں۔وزیر اعلی پنجاب سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزعابی کی ملاقات ہوئی۔ملاقات میں دو طرفہ تعاون کو مزید بلندی پر پہنچانے کیلئے پنجاب اور یو اے ای کا ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اس موقع پر معاشی تعاون اور پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں اور سیاحت کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوا۔وزیرِ اعلی مریم نواز شریف نے یو اے ای کے سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے لیے دعوت دی۔ انہوں نے یو اے ای کے سرمایہ کاروں کے لئے خصوصی مراعات اور سازگار ماحول کی یقین دہانی کرائی۔وزیرِ اعلی مریم نواز شریف نے متحدہ عرب امارات کی پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں تعاون کو سراہا۔یو اے ای کے سفیر کی وزیر اعلی مریم نواز شریف کو کامیاب دورہ چین پر مبارک باد دی۔سفیر حماد عبید ابراہیم الزعابی نے جاری ترقیاتی منصوبوں، موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق اقدامات پر وزیرِ اعلی مریم نواز شریف کی تعریف کی۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ انفراسٹرکچر، صحت، تعلیم، اور توانائی کے شعبوں میں یو اے ای کی معاونت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور یو اے ای علاقائی استحکام اور خوشحالی کیلئے یکساں سوچ رکھتے ہیں، پنجاب زراعت، ٹیکنالوجی، گرین انرجی اور دیگر شعبوں میں یو اے ای کے ساتھ تعاون کا خواہاں ہے۔ یو اے ای کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزعابی نے کہا کہ ترقی یافتہ پاکستان کی یو اے ای کی خواہش ہے اس سفر میں حکومت اور عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہے، پاکستان میں مزید پراجیکٹس پر کام کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کیساتھ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے دیرپا ترقی کے فروغ کیلئے پرعزم ہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے تعلیمی شعبے میں بہتری کی بنیاد رکھ دی۔صوبائی حکومت نے تعلیم کے شعبے میں ہونہار سکالر شپ، پہلا پبلک سکول ری آرگنائزیشن، ہائر ایجوکیشن انٹرن شپ، چیف منسٹر سکول نیوٹریشن، لاہور کنڈر گارٹن سکول اور ہر تحصیل میں گرلز کالجز کیلئے بسیں، داخلوں کیلئے بیک ٹو سکول کمپین، سرکاری سکولوں میں نئے کلاس رومز، سائنس اور آئی ٹی لیبارٹریز کے قیام سمیت کئی بڑے انقلابی اقدامات کئے ہیں۔مریم نواز نے چین کی طرز پر ابتدائی کلاسز میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس ایجوکیشن کیلئے پلان طلب کر لیا ہے۔علاوہ ازیں پنجاب میں پہلی مرتبہ ڈویژن، ڈسٹرکٹ اور تحصیل میں ایجوکیشن افسروں کے ٹیسٹ اور انٹرویو کے بعد میرٹ پر تعیناتی کے ساتھ ساتھ نصاب کی تشکیل، ٹیچرز ٹریننگ اوردیگر امور کیلئے ایک ہی اتھارٹی قائم کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔اسی طرح سکول ایجوکیشن کونسل کی تشکیل نو، لیپ ٹاپ سکیم، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں سولرائزڈ چارجنگ سٹیشن، نئی یونیورسٹیاں، گرین سکول پروگرام کا جلد آغاز کیا جا رہا ہے جبکہ سکول ہاکی لیگ اور پاکستان کا سب سے بڑا ”سکول اولمپکس“ کرانے، سرکاری سکولوں میں ”تھیم آف منتھ“ متعارف کرانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔صوبے میں 76 گرلز کالجز کیلئے بسوں کے منصوبے میں پہلے مرحلے میں 19 گرلز کالجز کو بسیں مل گئی ہیں۔پبلک سکولز ری آرگنائزیشن پروگرام سے 40 ارب روپے کی بچت اور 70 ہزار نوجوانوں کیلئے روزگار کا بندوبست کیا گیا ہے، پنجاب کے پی ایس آر پی سکولوں میں 5 ہزار نئے کلاس رومز بنانے کا فیصلہ بھی اقدامات کا حصہ ہے۔پنجاب میں سکولوں کی آؤٹ سورسنگ سے طلبہ کی تعداد میں کئی سو فیصد اضافہ ہوا ہے، ڈی پی ایس ماڈل ٹاؤن میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ کا پائلٹ پراجیکٹ بھی ان ہی اقدامات کا حصہ ہے جبکہ پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا ہائر ایجوکیشن انٹرن شپ پروگرام بھی نمایاں ہے۔پنجاب کے سرکاری کالجوں میں 7354 کالج ٹیچرز انٹرنز کی بھرتی مکمل کی جا چکی ہے، جنہیں 6 ماہ تک 50 ہزار روپے ماہانہ دیا جائے گا۔علاوہ ازیں ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور مظفر گڑھ کے 3527 سکولوں میں 4 لاکھ سے زائد طلبہ کیلئے غذائیت سے بھرپور دودھ پیک کا منصوبہ بھی صوبائی حکومت کے اقدامات کا حصہ ہے، تعلیمی بورڈ کے پوزیشن ہولڈرز کیلئے لاکھوں کے انعامات و تعلیمی اخراجات بھی حکومت ادا کرے گی۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہونہار سکالر شپ کو 30 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار کر دیا ہے۔
مریم نواز