صدر مملکت اور وزیر اعظم کا جمی کارٹر کے انتقال پر اظہار افسوس
اسلام آباد(آئی این پی)صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہبازشریف نے سابق امریکی صدر جمی کارٹر کے انتقال پر دکھ اور افسوس کیا ہے۔پیر کو ایوانِ صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے سابق امریکی صدر جمی کارٹر کے خاندان، امریکی حکومت اور عوام کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ عالمی امن اور اِنسانی حقوق کے شعبہ میں سابق امریکی صدر کی خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دکھ کی اِس گھڑی میں میری ہمدردیاں جمی کارٹر کے خاندان کے ساتھ ہیں۔ دریں اثناء وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بھی امریکا کے سابق صدر جمی کارٹر کے انتقال پر افسوس کاا ظہارکیاہے۔ ایکس پر اپنی پوسٹ میں وزیراعظم نے سابق امریکی صدر کی وفات پر ان کے خاندان اور امریکی عوام کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ جمی کارٹرکی عاجزی اور سیاسی خدمات کے ساتھ ساتھ انسانی مقاصد اور عالمی امن کے لئے ان کے کردار کو تادیر یاد رکھا جائیگا۔
اظہار افسوس