پرچوں کی جانچ کرنیوالے پروفیسر کو معاوضے کی ادائیگی نہیں ہوسکی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ پبلک سروس کمیشن کے امتحانات میں 149امیدواروں کے پرچوں کی جانچ کرنے والے پنجاب یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران کو ان کے معاوضے کی ادائیگی نہیں ہوسکی۔اس ضمن میں پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے چیئرمین سندھ پبلک سروس کمیشن کو مراسلہ ارسال کردیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سندھ پبلک سروس کمیشن کے تحت کمبائنڈ کمپیٹیٹو ایگزامنیشن کا انعقاد جون 2023میں کیا گیا۔سندھ پبلک سروس کمیشن نے پنجاب یونیورسٹی کی جانب سے پینل بھیجے جانے کے بعد پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران کو پرچوں کی جانچ کے لیے منتخب کیا تھا۔پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے ان امتحانات کے پرچوں کی جانچ کی لیکن 14مہینے گذر جانے کے باوجو د تاحال ان کو معاوضے کی ادائیگی نہیں کی گئی ہے۔پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران کی جانب سے چیئرمین سندھ پبلک سروس کمیشن کو بھیجے جانے والے مراسلے میں معاوضے کی ادائیگی کی درخواست کی گئی ہے۔انہوں نے اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ طلباء سے علامہ اقبال کے جن اشعار کے حوالے سے سوالات کیے گئے تھے وہ اشعار ہی غلط تھے اور طالب علموں کے علم میں یہ اشعار نہیں تھے۔