چوتھی سالانہ ”معصومہ“ سندھ عالمی بین المذاہب کانفرنس“ کا انعقاد
کراچی (اسٹاف رپورٹر) فرمانِ خداوندی ہے کہ، جس نے بھی اللہ اور اس کے رسول صہ کی اطاعت کی وہ ان لوگوں میں ہوگا جن پر اللہ تعالیٰ نے اپنا فضل کیا اور فرمانِ نبوی صہ ہے کہ، جو بھی میرے اہلِ بیت عہ سے نیک سلوک اختیار کرے گا میں اس کی شفاعت کروں گا۔ ان دو واضح فرامین کی روشنی میں وہ اسلام اور ایمان آپ کو کوئی فائدہ نہیں دے گا جس میں آپ، رسولِ اکرم سے تو محبت رکھیں لیکن ان کے اہلِ بیت عہ سے مَوَدت نہ رکھیں۔ اس حقیقت کو ذہن نشین کرلیجئے کہ مَوَدۃ اہلِ بیت عہ کو قرآنِ حکیم میں واجب قرار دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر سعید طالبی نیا، منور علی مہیسر، مبشر میر، سید منظر نقوی، زوار عبدالستار درس، سید عمار علی شاہ نقوی، علامہ ایاز قمی، سید شبر رضا رضوی، پاسٹر عتیق قیصر، سردار امر سنگھ، مکیش کمار جیڈیا، زوار نیاز حسین لغاری، برگیڈیئر سید کرار حسین و دیگر نے آج لیاقت نیشنل لائبریری کے ابراہیم جویو آڈیٹوریم میں زائرین خدمت کمیٹی، کراچی ایڈیٹرز کلب اور محکمہ ثقافت سندھ کی جانب سے منعقدہ چوتھی سالانہ ”معصومہء سندھ عالمی بین المذاہب کانفرنس“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہء کربلا کے بعد حالات سے مجبور ہوکر سادات نے سرزمینِ عرب سے دنیا کے مختلف ملکوں کی جانب ہجرت کی تو ان کی اکثریت نے سرزمینِ سندھ کا رخ کیا کیونکہ اس سرزمین کے مکین بلا تفریقِ مذہب رسول صہ اور آلِ رسول صہ سے والہانہ محبت و عقیدت رکھتے تھے اور اس سرزمین کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہاں ہجرت کرکے آنے والے سادات میں امامِ اول حضرت علی عہ ابن ابیطالب عہ کی دختر سیدہ رقیہ بنتِ علی عہ المعروف بیبی پاکدامنہ، امام حسن المجتبیٰ عہ کے پڑ پوتے سید عبداللہ اشتر عہ المعروف عبداللہ شاہ غازی عہ اور سیدہ خدیجہ ماہم بنتِ امام موسیٰ کاظم عہ شامل ہیں۔ حضرت علی عہ کی دختر کا مرقدِ انور لاہور اور امام موسیٰ کاظم عہ کی دختر کا مرقدِ انور اگھم کوٹ سندھ میں واقع ہے۔ بڑی خوشی کی بات ہے کہ بیبی پاکدامنہ کا شاندار روضہء اطہر تعمیر ہو چکا ہے اور محکمہء اوقاف سندھ کی جانب سے کچھ عرصہ قبل معصومہء سندھ بیبی خدیجہ ماہم بنتِ امام موسیٰ کاظم عہ کے مزارِ اقدس پر روضہء اطہر تعمیر کروانے کا پراجیکٹ منظور کرکے اس پراجیکٹ کا سنگِ بنیاد بھی رکھ دیا گیا ہے لیکن جیسا کہ وہاں پر4-5جانے پہچانے شریر لوگوں کی جانب سے گذشتہ6-7سالوں سے مذہبی کشیدگی پیدا کروانے کی مسلسل سازشیں جاری ہیں اور ان ہی لوگوں نے روضہء اطہر کی تعمیرات کے شروع ہونے والے سرکاری کام کو بھی بیجا مداخلت کرکے بند کروادیا ہے جو تعمیراتی کام تاحال بند ہے۔ مقررین نے حکومتِ سندھ اور بالخصوص جملہ سیکیورٹی اداروں سے پُرزور مطالبہ کیا کہ اگھم کوٹ میں گذشتہ چند سالوں سے زائرین کے لئے مسائل و پریشانیاں پیدا کرنے، مذہبی کشیدگی پیدا کروانے اور اب تعمیرات کے سرکاری کام میں مداخلت کرنے والے مسلسل سرگرم شرپسند گروہ کے خلاف قانون کے مطابق فوری اقدامات کرکے نہ صرف ملک بھر سے آنے والے زائرین کی مشکلات و پریشانیاں دور کی جائیں بلکہ روضہء اطہر کی تعمیر والے بند کروائے جانے والے سرکاری تعمیراتی پراجیکٹ پر جلد از جلد کام شروع کروانے کے لئے ضروری قانونی اقدامات کئے جائیں۔ کانفرنس میں استاد مظہر امراؤ بندو خان' کشور عدیل جعفری، کمال امروہوی، ناصر آغا، ڈاکٹر جاوید منظر، دعائے زہرہ درس، شہباز علی لنجوانی و دیگر نے نعت و منقبت پڑھنے کی سعادت حاصل کی۔ کانفرنس میں نظامت کے فرائض آغا شیرازی نے سرانجام دیئے