شہریوں کو بیرو ن ملک بھجوانے کا جھانسہ، انسانی سمگلرز کیخلاف آپریشن شروع
ملتان(وقائع نگار)سمندر کے راستے شہریوں کو غیر قانونی یورپ بھجوانے میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاون شروع کردیا گیا۔ایف آئی اے ملتان زون نے کارروائی کرکے انسانی سمگلنگ میں ملوث لینڈ روٹ ایجنٹ کو گرفتار کر لیا۔جس کی شناخت اجمل نواز کے نام سے ہوئی ہے ملزم شہریوں کو غیر قانونی سمندر کے راستے لیبیا سے یورپ بھجوانے میں ملوث ہے۔جبکہ ملزم کو شادمان کالونی گجرات سے گرفتار کیا گیا اور ملزم انسانی سمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی گینگ کا ایجنٹ ہے بتایا جارہا ہے کہ ملزم کو ملتان ائرپورٹ پر آف لوڈ کئے گئے 5 مسافروں (بقیہ نمبر44صفحہ7پر)
کی نشاندہی پر گرفتار کیا گیا،گرفتار ملزم مسافروں کو یورپ بھجوانے کے نام پر لاکھوں روپے ہتھیانے میں ملوث ہے گرفتار ملزم نے مسافروں کو عمرے ویزے پر سعودی عرب بھجوانے کی کوشش کی تھی مسافروں کو ملتان ائرپورٹ پر گرفتار کر لیا گیا تھا۔ ملزم کی گرفتاری میں ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل گجرات نے بھی معاونت کی۔ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم اس سے قبل بھی شہریوں کو سعودی عرب، دبئی اور باکو سے لیبیا بھجوانے میں ملوث رہا ہے ملزم دیگر ساتھیوں کی ملی بھگت سے متاثرہ شہریوں کو کشتی کے ذریعے لیبیا سے یورپ بھجوانے میں ملوث ہے۔ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر خالد انیس نے کہا ہے کہ یونان کشتی حادثے میں ملوث عناصر کے خلاف انٹلیجنس بیسڈ کریک ڈاون جاری ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لئے خصوصی چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ کسی شخص کو بھی معصوم لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں ہے ٹھوس شواہد کی روشنی میں ملزمان کو قرار واقعی سزائیں دلوائیں گے۔