2024 میں لاہور پولیس کے اہلکاروں کیخلاف درج مقدمات کی سنچری مکمل

2024 میں لاہور پولیس کے اہلکاروں کیخلاف درج مقدمات کی سنچری مکمل
2024 میں لاہور پولیس کے اہلکاروں کیخلاف درج مقدمات کی سنچری مکمل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ویب ڈیسک) رواں سال لاہور میں پولیس اہلکاروں کے خلاف درج ہونے والے مقدمات کی تعداد 100 ہوگئی۔

نجی ٹی وی سماء نیوز کے مطابق 2024 کے اختتام سے قبل ہی محافظوں کے خلاف 100 مقدمات درج ہوگئے اور سبزہ زار میں پیٹرولنگ اہلکاروں نے سابق ایڈیشنل کمشنر کو لوٹ کر سنچری مکمل کی جبکہ ذمہ داروں کے خلاف سنگین دفعات کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

چورڈاکووں کو پکڑنے پر مامور 4 پولیس اہلکاروں نے سابق ایڈیشنل کمشنر کو روکا اور تلاشی کے بہانے ایک اہلکار گاڑی میں بیٹھا اور گن تان لی لیکن واردات کرنے والے اہلکاروں کی قسمت خراب تھی کیونکہ سابق ایڈیشنل کمشنر کی جیب سے صرف 2 ہزار روپے نکلے۔

لٹیروں نے یرغمال بنایا اور بنک لے گئے اور اے ٹی ایم سے مزید 25 ہزار روپے کیش نکلوالیا اور لوٹ مار کے بعد سنگین نتائج کی دھمکیاں دے کر متاثرہ شخص کو بھگا دیا۔

سابق ایڈیشنل کمشنر نے پولیس حکام کو بتایا تو چند گھنٹوں میں ہی ملوث اہلکاروں کی شناخت ہوگئی اور اغوا، بھتہ خوری، حبس بے جا میں رکھنے سمیت اختیارات کے ناجائزاستعمال کی دفعات کے تحت مقدمہ بھی درج ہوگیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی تمام پہلووں سے تحقیقات جاری ہیں اور جلد حقائق سامنے لائیں گے جبکہ ذمہ داروں کے خلاف  سخت کارروائی کی جائے گی۔