فواد چودھری کا انسداد دہشتگردی عدالتوں کے انتظامی جج کو خط، خدشات کا اظہار کردیا

فواد چودھری کا انسداد دہشتگردی عدالتوں کے انتظامی جج کو خط، خدشات کا اظہار ...
فواد چودھری کا انسداد دہشتگردی عدالتوں کے انتظامی جج کو خط، خدشات کا اظہار کردیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن)سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے انسداد دہشتگردی عدالتوں کے انتظامی جج کو خط لکھا ہے، جس میں انہوں نے اپنے  خلاف مقدمات کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا ہے۔
 نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق فیصل آباد اور راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالتوں میں اپنے خلاف مقدمات کے معاملے پر فواد چودھری نے انسداد دہشتگری عدالتوں کے انتظامی جج جسٹس ملک شہزاد کو خط لکھا ہے۔ یہ خط انسداد دہشتگری عدالتوں کی سی سی ٹی وی ریکارڈنگ اور دستاویزات کے حصول کے لیے لکھا گیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ میں اس وقت فیصل آباد اور راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی عدالت کے مقدمات کا سامنا کرہا ہوں۔ ہائی کورٹ کی واضح ہدایات کے باوجود ججز میڈیا اور عوام کو ٹرائل تک رسائی نہیں دے رہے۔ وکلا کو بھی کمرہ عدالت تک رسائی حاصل کرنے میں غیر ضروری دشواری کا سامنا ہے۔

فواد چودھری نے خط میں کہا کہ مقدمے کی اس طرح کی کارروائیاں  خدشات کو جنم دیتی ہیں۔چارج فریمنگ اور درخواستوں کے فیصلے کیلئے مناسب طریقہ کار پر عمل نہیں کیا جارہا۔ یہ اقدامات عدالتی عمل کی شفافیت کو مزید نقصان پہنچاتے ہیں۔

انسداد دہشت گردی عدالتوں کے انتظامی جج کے نام خط میں فواد چودھری کا مزید کہنا تھا کہ متعدد بار درخواستیں دینے کے باوجود ٹرائل کورٹس اہم دستاویزات اور ثبوت فراہم نہیں کر رہیں۔ دستاویزات تک رسائی سے انکار ملزم کے منصفانہ ٹرائل اور موثر قانونی دفاع کی خلاف ورزی کرتا ہے۔انہوں نے خط میں استدعا کی کہ راولپنڈی اور فیصل آباد کے اے ٹی سی سے سی سی ٹی وی ریکارڈنگ کی تحویل کی ہدایت دی جائے۔ ساتھ ہی دستاویزات، عدالتی احکامات اور شہادتی مواد ملزم کے وکیل کو دینے کی ہدایات دیں جائیں۔ خط میں فواد چودھری نے کہا کہ اس معاملے پر آپ کی توجہ عدالتی عمل کی سالمیت کو برقرار رکھنے کیلئے نہایت ضروری ہے۔