آسٹریلین ہائی کمیشن، آسٹریڈ اور آسٹریکس کی پاکستان کے ڈیری اور لائیو سٹاک شعبہ کی مدد کرنے کی یقین دہانی
لاہور (پ ر)پاکستان کے ڈیری اور لائیو سٹاک کے شعبہ کو ترقی دینے کی غرض سے آسٹریلین ہائی کمیشن نے آسٹریلیں ٹریڈ کمیشن (آسٹریڈ) اور آسٹریلین رورل ایکسپورٹس (آسٹریکس) کے اشتراک سے تقریب ہوئی ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف اس موقع پر مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں متعین آسٹریلین ہائی کمیشنر جناب پیٹر ہیورڈ نے کہا کہ پاکستان کے ڈیری اور لائیو سٹاک کے شعبہ کی ترقی کے ساتھ آسٹریلیا کی وابستگی غیر متزلزل ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت زرعی تحقیق، جدت، جانوروں کے خلیات کی تبدیلی اور صحت کے حوالہ سے آسٹریلیا کی غیر معمولی مہارت پاکستان کے اس شعبہ میں کام کرنے والے کاروباری لوگوں کو منتقل کرنے پر مسرت محسوس کرتا ہے اور اس امر کے ثمرات سامنے آتے دیکھنے کا منتظر ہے۔پنجاب اسمبلی کے دپٹی سپیکر، رانا مشہود نے اس موقع پر اپنے خطاب میں آسٹریلین ھائی کمیشن سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب صوبہ کے عوام کی معاشی حالت میں بہتری لانے کےلئے انتھک کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعات اور لائیو سٹاک کے شعبے ناصرف پنجاب بلکہ پورے ملک کی معیشت کےلئے ریڑھ کی ہڈی کا درجہ رکھتے ہیں اور اس شعبہ کو ترقی دینے کےلئے ملنے والی کسی بھی طرح کی معاونت پورے ملک کےلئے خوش آئیند پہلو ہے۔آسٹریلیا کے اعزازی قونصل برائے پنجاب سلیم غوری نے ملک کی بحیثیت مجموعی معاشی ترقی میں کردار پر آسٹریلن ہائی کمیشنر پیٹر ہیورڈ اور وزیر اعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس ایسی وسیع استعداد موجود ہے جس کا ابھی تک استعمال نہیں کیا جا سکا اور اس سے مستفید ہونے کی صورت میں ناصرف ملکی سطح پر فوڈ سیکیورٹی کی صورتحال میں زبردست بہتری آئے گی بلکہ اشیائے خوراک کو برآمد بھی کیا جا سکے گا۔ تقریب کے دوران ماہرین زراعت اور ڈیری کے شعبہ سے تعلق رکھنے والے کاروباری افراد کی بڑی تعداد نے اظہار خیال کیا اور شدعبہ کے مسائل اور تجربات سے آسٹریلین ہائی کمیشنر اور وزیر اعلیٰ پنجاب کو آگاہ کیا۔