آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق انٹراکورٹ اپیل خارج
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ہائیکورٹ نے چیف آف آرمی سٹاف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق انٹر اکورٹ اپیل بھی خارج کردی تاہم عدالت کے ریمارکس کے بعد درخواست گزار نے رٹ پٹیشن میں ترمیم کی اجازت مانگ لی ۔اسلام آبادہائیکورٹ کے جسٹس شوکت عزیزصدیقی اور انورکاسی پر مشتمل دورکنی بنچ نے درخواست گزار کرنل ریٹائرڈ انعام الرحیم ایڈووکیٹ کی آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق انٹر اکورٹ اپیل کی سماعت کی ۔ دوران سماعت درخواست گزار نے موقف اختیارکیاکہ 29نومبر 2010کو آرمی چیف کی مدت ملازمت میں تین سال کی توسیع کی گئی اوراُنہوںنے 2012ءمیں پٹیشن دائر کی جس کو عدالت نے ناقابل سماعت قراردیدیا۔ جسٹس شوکت عزیزصدیقی نے استفسارکیاکہ درخواست گزار دوسال تک انتظارکیوں کرتارہاجس پرانعام الرحیم ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیاکہ آرمی ایکٹ کے تحت ساٹھ سال سے زائد عمر کا شخص آرمی چیف کے عہدے پر نہیں رہ سکتااوروہ ساٹھ سال تک عمر کے پہنچنے کے منتظر رہے ۔عدالت نے درخواست گزار کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ نے صرف مراعات واپس لینے کی پیٹیشن دائر کی ، آپ کو وارنٹوکی رٹ دائرکرنی چاہیے تھی تاہم درخواست گزارنے رٹ پٹیشن میں ترمیم کی اجازت دینے کی استدعا کردی ۔