واسا کے 1113ملازمین کی مدت ملازمت میں توسیع

واسا کے 1113ملازمین کی مدت ملازمت میں توسیع

  



 لاہور(جاوید اقبال)واسا میں عارضی بنیادوں پر مختلف شعبہ جات میں کام کرنیوالے ملازمین کی سنی گئی ہے ۔منیجنگ ڈائریکٹر واسا نصیر چوہدری نے ورک چارج بنیاد پر کام کرنیوالے 1113ورک چارج ملازمین کی ملازمت میں مزید تین ماہ کی توسیع کر دی ہے ان ملازمین میں 26سب انجینئر بھی شامل ہیں ان ملازمین کو یکم جنوری سے ملازمتوں سے نکالا جا رہا تھا مگر ایم ڈی نے ملازمین کی درخواستوں پر از خود نوٹس لیتے ہوئے ان کی ملازمتوں میں مزید تین ماہ اضافے کی منظوری دے دی ہے جس سے ان ملازمین کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہونے سے بچ گئے ہیں ۔واضح رہے کہ یہ ملازمین واسا میں عارضی بنیادوں پر سالہا سال سے کام کر ہے ہیں جن میں اکثر سرکاری ملازمت کیلئے زائدلعمر ہو چکے ہیں جس کا ڈی ایم ڈی آپریشن نے باقاعدہ طور پر نوٹیفیکشن جاری کر دیا ہے جس کے بعد ان ملازمین کو 9ٹاؤنوں میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ498سینٹری ورکرزکی ملازمت میں30مارچ تک توسیع کی گئی ہے ۔ا ن میں سے 88 سینٹری ورکرز کو راوی ٹاؤن 89کو داتا گنج بخش ٹاؤن ،75 سینٹری ورکرز کی خدمات عزیز بھٹی ٹاؤن اور شالیمار ٹاؤن کے ڈائریکٹرزکے حوالے کی گئی ہیں،88اقبال ٹاؤن،58نشتر ٹاؤن اور 101ڈرینج ڈویژن میں تعینات کئے گئے ہیں ۔اسی طرح 412جونئیر پمپ آپریٹرز کو ملازمت میں توسیع دیتے ہوئے ان میں سے 95کو راوی ٹاؤن،114کو ڈی جی بی ٹی،68کو شالیمار اور عزیز بھٹی ٹاؤن 56کو اقبال ٹاؤن اور79کی خدمات نشتر ٹاؤن کے حوالے کی گئی ہیں۔133ڈرائیوروں کی ملازمت میں توسیع دیتے ہوئے 14کو راوی ٹاؤن،18کو داتا گنج بخش ٹاؤن،14کو عزیز بھٹی ،16کو اقبال ٹاؤن،55کو ڈرینج اور 16کو نشتر ٹاؤن میں لگایا گیا ہے۔اسطرح 2جونئیر کلرکس ،15مکینیکل ہیلپرز،6الیکٹریشنز ،2جنریٹر مکینکس،26سب انجینئرز اورایک سیکیورٹی گار ڈ کی مدت ملازمت میں بھی تو سیع کی ہے جنہیں مختلف ٹاؤنوں میں بھیج دیا گیا ہے صوبائی وزیر خوراک کے قریب عزیز سب انجینئر ولید احمد ولد محمد راشد کی ملازمت میں بطور سپیشل کیس توسیع کی گئی ہے۔دریں اثناء ایم ڈی نے ان ملازمین کو تین ماہ کی تنخواہیں دینے کیلئے 40.982ملین روپے کی بھی منظوری دے دی ہے جس سے ڈی ایم ڈی آپریشن نے شعبہ فنانس کے حوالے کر دیا ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1