لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی یوسی 125میں صفائی آگاہی مہم

لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی یوسی 125میں صفائی آگاہی مہم

  



لاہور(جنرل رپورٹر )منیجنگ ڈائریکٹر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیوایم سی) خالد مجید کی خصوصی ہدایت پر یونین کونسل 125 مانگا منڈی بازار میں صفائی و آگاہی مہم کاانعقاد کیا گیا۔ مہم کا مقصد علامہ اقبال ٹاؤن کی دیہی اور پسماندہ آبادی میں صفائی کی صورتحا ل کو بہتر کرنا اور اہل علاقہ میں صفائی کی عادات اپنانے پر شعور بیدار کرنا ہے۔مہم آگاہی واک،صفائی سے متعلق شکایات کے اندراج و حل کے لیے کیمپوں کے قیام، پبلک بریفنگ، معلوماتی پمفلٹس کی تقسیم اور کلین اپ آپریشن پر مشتمل تھی۔اس سلسلے میں مانگا منڈی بازار میں آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا جس کی قیادت مقامی سیاسی رہنما و رکن صوبائی اسمبلی گلزارگجر نے کی جبکہ ایل ڈبلیوایم سی کی طرف سے ڈپٹی منیجر کیمونی کیشن شفقت رسول، اسسٹنٹ منیجر آپریشنز چوہدری مرتضیٰ، اسسٹنٹ منیجرز کمیونیکیشن اسد احمد، محمد عمیر خان، رحمان راشد، زونل آفیسر عابد جٹ، سوشل موبلائزرز اور اہل علاقہ نے حصہ لیا۔ شرکا ء نے مرکزی بازار میں اور گھر گھر جا کر شہریوں کو کوڑاکرکٹ کوڑادان میں ڈالنے اور صفائی کی ضرورت و اہمیت پر بریف کیا اور معلوماتی پمفلٹس بھی تقسیم کئے ۔شہریوں کو صفائی سے متعلق شکایت کے ازالہ کے لیے ہیلپ لائن 1139کے استعمال پر بھی آگاہی دی گئی۔ اس موقع پر صفائی کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے اور گلیوں اور بازاروں میں عملہ و مشینری لگا کر کھلے پلاٹوں میں پھینکا کوڑاکرکٹ بھی ٹھکانے لگایاگیا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...