لاہور کراچی موٹروے منصوبہ 36 ماہ میں مکمل کیا جائے ، این ایچ اے
اسلام آباد (اے پی پی) لاہور کرچی موٹروے کے سکھرملتان سیکشن کی تعمیر سے صوبہ سندھ میں معیار زندگی کی بہتری میں نمایاں مدد ملے گی۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی( این ایچ اے) کے حکام نے کہا ہے کہ لاہور کراچی موٹر وے کا منصوبہ700 ارب روپے کا منصوبہ ہے جبکہ سکھر ملتان سیکشن پر200 ارب روپے کے اخراجات کا تخمینہ ہے جس کی لمبائی375 کلومیٹر ہے جس میں سے 260 کلومیٹر صوبہ پنجاب جبکہ 115 کلومیٹر سندھ میں تعمیرکی جائے گی۔ حکام نے کہا کہ لاہور کراچی موٹروے کے ڈیزائن کو انوائرمنٹ پروٹیکشن ایکٹ2014ء کی روشنی میں تیارکیا گیا ہے جو36 ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ کی تعمیرمیں حفاظتی اقدامات پرخصوصی توجہ دی جارہی ہے تاکہ عوام کو منصوبہ کی تعمیر کے دوران کم سے کم مشکلات ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سکھر ملتان سیکشن کی تعمیر سے صوبہ سندھ کوقومی دھارے میں لانے میں مدد ملے گی اوراس کی تکمیل سے صوبہ سندھ کے عوام کے معیار زندگی میں نمایاں بہتری ہوگی۔