فیصل آباد ،نیلے کیمیکل زدہ کینز کے استعمال میں اضافہ
فیصل آباد (آئی این پی) فیصل آباد میں کیمیکل زدہ کینز کا کھانے پینے کی اشیا کیلئے استعمال عام ہوتا جارہا ہے، نیلے کین کے استعمال کو ممنوعہ قرار دینے کے باوجود ضلعی انتظامیہ روک تھام میں ناکام ہے۔فیصل آباد سمندری روڑ پر کیمیکل زدہ ڈرمز اور کینز کی خرید و فروخت عروج پر ہے ان نیلی کینوں میں کھانے پینے کے استعمال سے موذی امراض میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔تیزابی ڈرموں کو بیچنے والے کہتے ہیں کہ وہ کین کو فروخت کرنے سے پہلے استعمال کنندگان کو ہر طرح سے آگاہ کرتے ہیں۔جان لیوا کینز پانی، دودھ،مکھن اور دیگر کھانے پینے کی اشیا کے لئے استعمال ہو رہے ہیں،شہری کہتے ہیں کہ انتطامیہ کو ان کا استعمال روکنے کیلئے سخت اقدامات کرنا چاہئیں۔موت بانٹنے والے کینز کے استعمال پر انتظامیہ کی چپ سمجھ سے بالا تر ہے،کیمیکل زدہ کینوں کے استعمال سے شہری موذی امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں انتظامیہ نے شہریوں کو شعور فراہم کرنے کی بجائے خلاف ورزی کرنے والوں کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔