چودھری سرور کے استعفیٰ سے بات ختم نہیں شروع ہوئی ہے،خرم نواز گنڈا پور

چودھری سرور کے استعفیٰ سے بات ختم نہیں شروع ہوئی ہے،خرم نواز گنڈا پور

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( نمائندہ خصوصی)عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے ماہ جنوری میں ہونے والے جرائم اور حکمرانوں کی نااہلی پر عوامی تحریک کی طرف سے ایک رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ چودھری سرور کے استعفیٰ کی منظوری سے بات ختم نہیں شروع ہوئی ہے۔ طاقتور لینڈ مافیا کی سرپرستی کون کرتا ہے وزیراعلیٰ پنجاب کو اس کا جواب دینا پڑے گا۔ ماڈل ٹاؤن میں 100افراد کو گولیوں سے چھلنی اور 14 کو شہید کرنے والے سفاک حکمران کسی حد تک بھی گر سکتے ہیں۔ انہوں نے مرکزی میڈیا سیل کی طرف سے ماہ جنوری میں ہونے والے جرائم اور بحرانوں کے حوالے سے تیار کی جانے والی رپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب تک یہ حکمران مسلط رہیں گے بحران آتے رہیں گے اور عوام لٹتے رہیں گے۔رپورٹ کے مطابق جنوری میں بھوک اور فاقوں سے تنگ آئے 200شہریوں نے خودکشی کی۔لاہور میں حکومتی اداروں کے ظلم کا شکار انارکلی کے غریب مچھلی فروش ذیشان نے خود کو آگ لگا ئی۔پنجاب میں 170 شہریوں کو تھانوں میں شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا جن میں بھکر اور اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والے عوامی تحریک کے متعدد کارکن بھی شامل ہیں۔ صوبہ بھر میں یکم جنوری سے 30 جنوری تک 3 لاکھ 7 ہزار سنگین جرائم ہوئے جن میں چوری، ڈکیتی، قتل، اقدام قتل ،موٹر سائیکل، کار، موبائل اور پرس چھیننے کی وارداتیں شامل ہیں۔جنوری میں پولیس کے شہریوں کے خلاف مجرمانہ اقدامات پر ہائیکورٹ میں زیر سماعت 10 کیسز میں معزز ججز کی طرف سے پولیس کو مجرم ،بداخلاق، نااہل اور ڈاکو کہا گیا ۔بچوں، بچیوں سے زیادتی، زیادتی کی کوشش اور انہیں قتل کرنے کے 300سے زائد واقعات ہوئے۔ گوجرانوالہ میں 4سالہ بچی، لاہور میں 6 اور 9سالہ بچی، فیصل آباد میں 10سالہ بچی،حافظ آباد میں 7سالہ بچی، حجرہ شاہ مقیم میں 4بچیوں کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے اور قتل کرنے کے افسوسناک واقعات شامل ہیں،جنوری میں پنجاب پولیس کی300اسامیوں پر ایک لاکھ 63 ہزار میرٹ پر پورا اترنے والے نوجوانوں نے درخواستیں دیں جس سے بیروزگاری کے حوالے سے سنگین حالات کی نشاندہی ہوتی ہے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مصنوعی پٹرول بحران سے شہریوں کی جیبوں پر 80ارب روپے کا ڈاکہ ڈالا گیا۔پٹرول بحران کے ذمہ دار وزیر نے قوم کو بھکاری کہہ کر ان کی توہین کی۔ جنوری میں بجلی کا 3بار بریک ڈاؤن حکومت کی نااہلی سے ہوامگر یہ ذمہ داری دہشت گردوں پر ڈالنے کی ناکام کوشش کی گئی۔سرگودھا میں ادویات اور سہولتیں دستیاب نہ ہونے پر 83بچے جاں بحق ہوئے ہر ضلع کے سرکاری ہسپتالوں میں 100سے 150بچے موت کے منہ میں جارہے ہیں ۔

مزید :

صفحہ آخر -