نئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا تقرر،چیف جسٹس سپریم کورٹ کی برادر ججز سے غیر رسمی مشاورت مکمل
لاہور(سعید چودھری )چیف جسٹس پاکستان مسٹر جسٹس ناصر الملک نے لاہور ہائی کورٹ میں نئے چیف جسٹس کے تقرر کے حوالے سے برادر ججز کے ساتھ غیر رسمی مشاورت مکمل کرلی ہے ۔اس مشاورت کے نتیجہ میں مسٹرجسٹس منظور احمد ملک کو لاہور ہائی کورٹ کا نیا چیف جسٹس تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔لاہور ہائی کورٹ کے موجودہ چیف جسٹس مسٹر جسٹس خواجہ امتیاز احمد 29مارچ کو اپنے عہدہ سے ریٹائر ہورہے ہیں جس کے بعد مسٹر جسٹس منظور احمد ملک کو لاہور ہائی کورٹ کا نیا چیف جسٹس مقرر کیا جائے گا ۔عدالتی ذرائع کے مطابق اس سال سپریم کورٹ میں ججوں کی خالی ہونے والی اسامیوں پرتقرر کے تناظر میں لاہور ہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس کے حوالے سے مختلف تجاویز زیر غور رہیں ، ایک مرحلہ پر وفاقی شرعی عدالت کے چیف جسٹس کے عہدہ پر لاہور ہائی کورٹ کے ایک سینئر جج کی تعیناتی کا بھی جائزہ لیا گیا تاہم برادر ججوں سے مشاورت کے بعد چیف جسٹس پاکستان مسٹر جسٹس ناصر الملک نے فیصلہ کیا کہ مسٹر جسٹس منظور احمد ملک کو لاہور ہائی کورٹ کا نیا چیف جسٹس مقرر کیا جائے گا ۔اس سلسلے میں چیف جسٹس پاکستان اپنے آئینی اختیارات استعمال کرتے ہوئے جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں مسٹر جسٹس منظور احمد ملک کی بطور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نامزدگی عمل میں لائیں گے اور جوڈیشل کمیشن کی منظوری کے بعد معاملہ توثیق کے لئے پارلیمانی کمیٹی کو بھیجا جائے گا ۔