ادویات کی قیمتوں میں اضافہ ۔۔۔ آخر کیوں؟

ادویات کی قیمتوں میں اضافہ ۔۔۔ آخر کیوں؟

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ایک خبر میں بتایا گیا ہے کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے تمام ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ یہ اضافہ وفاقی حکومت کی اجازت سے کیا گیا ہے۔ کینسر، دل، جگر، گردوں اور جان بچانے والی ادویات مہنگی ہونے سے مریضوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شیڈولڈ ڈرگ 2.08 نان شیڈولڈ ڈرگ 2.91 اور کم قیمت والی ادویات 4.16فیصد مہنگی کی گئی ہیں، اس سلسلے میں سی پی آئی کو بنیاد بنایا گیا ہے ۔ قیمتوں میں اضافے کا اطلاق 19جنوری کے بعد مارکیٹ میں آنے والی ادویات پر ہوچکا ہے۔ اس وقت مارکیٹ میں جتنی بھی ادویات فروخت کے لئے موجود ہیں، ان پر کسی امپورٹر، مینوفیکچرر، ریٹیلر، ہسپتال، کلینک، ہول سیل، ڈیلر یا ڈسٹری بیوٹرز کو سٹیکر، ہاتھ یا مہر سے قیمتوں میں اضافے کے اندراج کی اجازت نہیں ہو گی۔ نئی پیکنگ پر ہی ادویات کی نئی قیمتیں درج کی جا سکیں گی۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ ہونے سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ ادویات مہنگی ہونے کی شکایات پہلے ہی سے موجود ہیں۔ مریضوں اور ان کے لواحقین کا موقف ہے کہ ادویات بیرون ملک سے منگوائی جائیں یا پھر اندرون ملک ہی تیار کی جائیں، ان کی قیمتوں میں بے جا اور بے تحاشا اضافہ ہوتا رہتا ہے جبکہ اصل لاگت اور قیمت فروخت بہت کم ہوتی ہے۔ بعض ادویات کی قیمت میں کئی گنا اضافہ ہوتا رہا ہے۔ یوں پہلے ہی ناجائز منافع خوری کی شکایت موجود ہے ۔اس شکایت کے بعد قیمتوں میں اضافے کا کوئی جواز نہیں۔ ملک بھر میں مختلف وجوہ سے مریضوں کی تعداد میں بہت اضافہ ہو چکا ہے۔ ادویات مہنگی ہونے سے مستحق، غریب اور سفید پوش طبقوں کے لئے مہنگا علاج بہت بڑا مسئلہ ہے۔ ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی سے لیکر پروفیسروں کی بہت کم وقت کے لئے دستیابی کے ساتھ ساتھ ادویات اور ٹیسٹوں کے اخراجات بھی مریضوں کو برداشت کرنا پڑتے ہیں۔ مفت ادویات بہت کم ملتی ہیں۔ جعلی اور غیر معیاری ادویات سے مارکیٹیں بھری پڑی ہیں، جہاں سے ہسپتالوں اور میڈیکل سٹوروں کو ادویات سپلائی ہوتی ہیں۔ ان ادویات سے مریضوں کو بہت کم صحتیابی ہوتی ہے جبکہ بعض اوقات مریض موت کا شکار ہو جاتے ہیں۔ ان حالات میں ادویات کی قیمتوں میں 4.16 فیصد اضافی مالی بوجھ پریشان کن ہے۔ نرخوں میں اضافے کی منظوری تمام مراحل طے ہونے کے بعد دی گئی ہے، لہٰذا عوامی حلقوں یا حکومت مخالف سیاسی جماعتوں کے شور مچانے یا تنقید کرنے کا کوئی نوٹس نہیں لیا جائیگا۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ قیمتوں میں اضافے کے بعد اعلیٰ سطح پر نوٹس لیکر کم از کم مارکیٹ میں پہلے سے موجود ادویات کی پرانی قیمتوں پر فروخت کو یقینی بنایا جائے۔ ڈرگ پرائسنگ پالیسی میں یہ بات بھی شامل ہے کہ قیمتیں بڑھنے کے بعد اگر بلا جواز اضافے کی نشاندہی ہو جائے تو قیمتوں کو از سر نو ایڈجسٹ کیا جا سکتا ہے۔ غریب اور مستحق مریضوں کے ساتھ ساتھ سفید پوش مریضوں کو ادویات مہنگے داموں خریدنے سے بچانے کے لئے کوئی حکومتی اقدام ہونا چاہئے۔

مزید :

رائے -اداریہ -