پاکستان سٹاک مارکیٹ ، مندے کا تسلسل جاری ، انڈیکس میں 224پوائنٹس کی کمی

پاکستان سٹاک مارکیٹ ، مندے کا تسلسل جاری ، انڈیکس میں 224پوائنٹس کی کمی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 کراچی (اکنامک رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں مندی کا تسلسل جاری ،کاروباری ہفتے کے دوسرے منگل کو کے ایس ای 100انڈیکس 44300اور 44200کی نفسیاتی حدوں سے گرگیا ۔سرمایہ کاری مالیت میں19ارب 24کروڑ روپے سے زائدکی کمی ،کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت 46.87 فیصدزائد جبکہ56.55فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔حکومتی مالیاتی اداروں اور مقامی بروکریج ہاؤسز سمیت دیگرانسٹی ٹیوشنز کی جانب سے توانائی ،بینکنگ ،سیمنٹ اور اسٹیل سیکٹر میں خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں اور ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس 44615پوائنٹس کی بلند سطح پر بھی دیکھا گیا تاہم فروخت کے دباؤاور پرافٹ ٹیکنگ کے باعث کے ایس ای 100انڈیکس مذکورہ سطح پر برقرار نہ رہ سکا اور مندی کے اثرات زائل ہوگئے ۔مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس224.19پوائنٹس کمی سے44233.11 پوائنٹس پر بندہوا۔ مجموعی طور پر366کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا، جن میں سے141 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ اضافہ،207 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ18 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔سرمایہ کاری مالیت میں19ارب24 کروڑ15لاکھ23 ہزار525روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت گھٹ کر91 کھرب62ارب97 کروڑ40لاکھ 55ہزار 390روپے ہوگئی۔منگل کو مجموعی طور پر28کروڑ24 لاکھ80ہزار510 شیئرز کا کاروبار ہوا جوپیر کی نسبت 9کروڑ 1لاکھ 47ہزار240 شیئرززائدہے۔ قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے حساب سے ویتھ پاک کے حصص سرفہرست رہے، جس کے حصص کی قیمت44.29 روپے اضافے سے1794.27روپے اورصفائر فائبر کے حصص کی قیمت 34.02روپے اضافے سے884.00 روپے پر بند ہوئی۔ نمایاں کمی خیبر ٹوبیکو کے حصص میں ریکارڈ کی گئی، جس کے حصص کی قیمت49.63 روپے کمی سے987.86 روپے اورسروس انڈسٹریز کے حصص کی قیمت46.65روپے کمی سے943.35روپے ہوگئی۔منگل کوورلڈ کال ٹیلی کام کی سرگرمیاں3کروڑ53 لاکھ89 ہزارشیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں، جس کے شیئرز کی قیمت20پیسے کمی سے2.57 روپے اورفوجی فوڈز لمیٹڈ کی سرگرمیاں2کروڑ52لاکھ91 ہزار500شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں، جس کے شیئرز کی قیمت87پیسے اضافے سے19.98 روپے پر بند ہوئی۔منگل کو کے ایس ای 30 انڈیکس 158.94پوائنٹس کمی سے22176.14 پوائنٹس، کے ایم آئی 30 انڈیکس48.37پوائنٹس کمی سے74810.21پوائنٹس اور کے ایس ایس آل شیئرز انڈیکس81.19 پوائنٹس کمی سے31844.50 پوائنٹس پر بند ہوا۔

مزید :

کامرس -