دوسرے صوبے بھی سی پیک سے بھرپور استفادہ کیلئے توجہ دیں‘ ٹریڈرز ونگ

دوسرے صوبے بھی سی پیک سے بھرپور استفادہ کیلئے توجہ دیں‘ ٹریڈرز ونگ

لاہور(کامرس رپورٹر)مسلم لیگ (ن) ٹریڈرز ونگ کے سینئر نائب صدر میاں عثمان نے کہا ہے کہ سی پیک سے بھرپور استفادہ کرنے کیلئے پنجاب کی طرح دوسرے صوبوں کو بھی اپنی استعدا د بڑھانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ،وزیر اعلیٰ شہباز شریف دور اندیش لیڈر ہیں اور پنجاب میں انفراسٹر اکچر پر توجہ مرکوز کرنا اس کی مثال ہے ۔ اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبوں کی تکمیل سے ملک میں خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہوگا جس سے نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ معیشت کو بھی مضبوط کرنے میں مدد میسر آئے گی ۔پاکستان اور چین نے کھلے دل سے خطے کے دیگر ممالک کو بھی اس میں شمولیت کی دعوت دی ہے لیکن ہمارے دشمنوں کو خطے کی ترقی کا یہ منصوبہ ہضم نہیں ہو رہا ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں (ن) لیگ سے سیاسی مخالفت ضرور کریں لیکن ملک کی ترقی اور عوام کی قسمت بدلنے کے منصوبوں کی مخالفت نہیں ہونی چاہیے ۔ (ن) لیگ کی قیادت واضح کہہ چکی ہے کہ معیشت کو سیاست سے الگ رکھا جائے اور اس کیلئے میثاق معیشت کی دستاویز تیار کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے ۔ میاں عثمان نے کہا کہ پنجاب نے بڑا بھائی ہونے کے ناطے اپنی ترقی کے ثمرات دوسرے صوبوں تک پہنچانے کی کوشش کی ہے اور اگردوسرے پنجاب سے کسی بھی طرح کی معاونت چاہیں گے تو یقینی طو رپر وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی جانب سے انہیں مایوس نہیں کیا جائے گا۔

مزید : کامرس


loading...